QR CodeQR Code

داعشی دہشتگرد امریکہ کے زیرقبضہ علاقوں سے آ کر شامی فورسز پر حملے کرتے ہیں، رپورٹ

25 Jan 2021 23:56

عرب ای مجلے الاخبار نے انکشاف کیا ہے کہ شامی سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے حمص، حماہ، صوبہ دیرالزور کے مغرب و جنوب مغرب، صوبہ رقہ کے مشرق، صحرائے السویداء اور التنف نامی علاقوں سے ہوتے ہیں جبکہ یہ تمام کے تمام علاقے شام میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی فورسز کے قبضے میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ملک میں گذشتہ کئی ایک ہفتوں سے داعشی دہشتگردوں کی فوجی کارروائیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے کہ داعشی دہشتگرد شام میں امریکہ کے زیرقبضہ علاقوں سے نکل نکل کر شامی فوج اور اس کی اتحادی فورسز پر حملے کرتے ہیں۔ عرب ای مجلے الاخبار نے اس حوالے سے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شامی سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے حمص، حماہ، صوبہ دیرالزور کے مغرب و جنوب مغرب، صوبہ رقہ کے مشرق، صحرائے السویداء اور التنف نامی علاقوں سے ہوتے ہیں جبکہ یہ تمام کے تمام علاقے شام میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی فورسز کے قبضے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شامی فوج سے متعلق ذرائع نے خبر دی ہے کہ داعشی دہشتگردوں کی فوجی سرگرمیوں کا آغاز 2 اصلی صحرائی مراکز سے ہوا ہے جن میں پہلا حمص و دیرالزور کے صحراء اور عراقی سرحد کی مثلث جبکہ دوسرا حماہ، رقہ اور دیرالزور کے درمیان واقع صحراء ہے۔ ذرائع کے مطابق داعشی دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا انتہائی نزدیک سے جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ شامی سکیورٹی فورسز پر ہونے والے بیشتر حملے التنف نامی علاقے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کے اطراف سے ہوتے ہیں۔ الاخبار نے شامی فوج کے ایک اعلی سطحی افسر سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ملک میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی فورسز کی جانب سے داعشی دہشتگردوں کو نقل و حمل کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے میں عدم استحکام کی کیفیت برقرار رکھی جائے اور شامی فوج کو کسی نہ کسی طرح صحراؤں میں تھکا دینے والی جنگ میں الجھائے رکھا جائے۔

اعلی سطحی شامی فوجی افسر نے الاخبار کو بتایا کہ شام میں دہشتگردوں کو حاصل امریکی حمایت کا اصلی ہدف ملک کے مشرقی حصوں کے دمشق و حمص کے ساتھ موجود رابطے کو کاٹنا ہے جبکہ اسی مقصد کے حصول کے لئے امریکہ کی جانب سے اپنی حلیف کرد فورسز کی جیلوں میں قید داعشی دہشتگردوں کو جیلوں سے بھگا کر عراق و شام کی مشترکہ سرحد پر واقع صحراؤں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ شامی افسر نے کہا کہ انٹیلیجنس رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ صحراؤں میں چھپے داعشی سرغنہ کئی ایک شہریوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں ہیں جو دہشتگرد کارروائیوں کے حوالے سے انہیں مدد بھی فراہم کرتے ہیں۔ دوسری طرف "شرق الفرات" نامی علاقے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران الشدادی اور الحسکہ میں موجود کرد فورسز کی جیلوں میں امریکی فوجی گاڑیوں کی بہت زیادہ آمد و رفت دیکھی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 912364

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912364/داعشی-دہشتگرد-امریکہ-کے-زیرقبضہ-علاقوں-سے-آ-کر-شامی-فورسز-پر-حملے-کرتے-ہیں-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org