QR CodeQR Code

انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیئے، شاہد خاقان عباسی

26 Jan 2021 12:01

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم نے سوال کیا کہ کیا ان لوگوں سے سوال کرنیوالا کوئی نہیں، براڈ شیٹ کے تمام کاغذات عوام کے سامنے رکھیں، جس سے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے رہنماء اور سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ انصاف ہو تو قومی احتساب بیورو (نیب) کے 3 چیئرمین جیل میں جائیں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے سوال کیا کہ کیا ان لوگوں سے سوال کرنے والا کوئی نہیں۔؟ انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے تمام کاغذات عوام کے سامنے رکھیں، جس سے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیئے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ایک شخص کے لیے معیار کچھ اور ہے جبکہ دوسرے کے لیے کچھ اور ہے۔ آٹے، چینی، ایل این جی میں اربوں روپے لوٹے گئے۔

سابق وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے سابق جج کو براڈ شیٹ کمیشن کا سربراہ بنایا گیا ہے، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ نواز لیگی رہنماء کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 فروری کا جلسہ راولپنڈی کی بجائے مظفرآباد میں ہوگا، اس روز ہم یومِ یکجہتیٔ کشمیر مظفر آباد میں منائیں گے۔ دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت جج اعظم خان نے کی۔ دورانِ سماعت سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے۔ اس موقع پر سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ سپریم کورٹ میں ہیں، ان کے آنے تک سماعت میں وقفہ کیا جائے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نے شاہد خاقان عباسی کے وکیل کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 912436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912436/انصاف-ہوتا-ہوا-نظر-ا-نا-چاہیئے-شاہد-خاقان-عباسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org