QR CodeQR Code

پی ٹی آئی نے جے یو آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کر دیا

26 Jan 2021 16:41

الیکشن کمیشن کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو فارن فنڈنگ ہوتی رہی ہے، انہوں نے ڈی آئی خان اور دیگر شہروں میں جائیدادیں بنائی ہیں، فضل الرحمٰن بتائیں ان کو چندہ کہاں سے آیا؟


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کر دیا۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے اس ضمن میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی۔ دائر کی گئی درخواست میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کے ٹی وی انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حافظ حسین احمد نے مولانا فضل الرحمٰن کے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لینے کا اعتراف کیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن سمیت کئی رہنما دونوں ممالک کا متواتر دورہ کرتے تھے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے خلاف الیکشن ایکٹ کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو فارن فنڈنگ ہوتی رہی ہے، انہوں نے ڈی آئی خان اور دیگر شہروں میں جائیدادیں بنائی ہیں، فضل الرحمٰن بتائیں ان کو چندہ کہاں سے آیا؟ انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد کے انکشافات پر الیکشن کمیشن نوٹس لے، فضل الرحمٰن کی فارن فنڈنگ کی تحقیقات ہونی چاہیئے، فارن فنڈنگ لینے والے آج اکٹھے ہو گئے ہیں، فضل الرحمٰن کے ہاتھ صاف ہیں تو وہ رسیدیں دیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ آج اکبر ایس بابر نے یوٹرن لے کر دوبارہ کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، لگتا ہے ان کا ایزی لوڈ ختم ہو گیا تھا، اب ایزی لوڈ ہو گیا تو وہ آ گئے ہیں، امید کرتا ہوں کہ اب وہ روتے ہوئے نہیں جائیں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 912498

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912498/پی-ٹی-ا-ئی-نے-جے-یو-کیخلاف-فارن-فنڈنگ-کیس-دائر-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org