0
Wednesday 27 Jan 2021 00:44

پاکستان میں مرثیہ و نوحوں کی تاریخ ریحان اعظمیٰ کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

پاکستان میں مرثیہ و نوحوں کی تاریخ ریحان اعظمیٰ کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ملک کے نامور ادیب، مصنف و شاعر ڈاکٹر ریحان اعظمی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے علم و ادب کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ریحان اعظمی سرمایہ ملت تھے، ان کے انتقال پر پوری قوم سوگوار ہے، پاکستانی شعراء میں ریحان اعظمی وہ قدآور شخصیت تھے، جنہوں نے مدح اہلبیت (ع) میں سب سے زیادہ لکھا۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ وطن عزیز میں مرثیہ و نوحوں کی تاریخ ان کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریحان اعظمی کی ساری زندگی مدح اہلبیت اطہار علیہم السلام میں بسر ہوئی، ان کے تخلیق کردہ نوحوں، مرثیوں، منقبت اور شاعری کی بین الااقوامی سطح پر پذیرائی ان کے غیر معمولی علمی و ادبی شخصیت ہونے پر دلالت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریحان اعظمیٰ جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، وہ اپنے منفرد اسلوب کے سبب علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر کی دعا کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 912577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش