0
Wednesday 27 Jan 2021 18:57

تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگز برداشت نہیں کریں گے، مولانا راشد

تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگز برداشت نہیں کریں گے، مولانا راشد
اسلام ٹائمز۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت یونٹ ٹاؤن شپ کے زیراہتمام ختم نبوت تربیتی کنونشن 3 بلاک ٹاؤن شپ لاہور میں مقامی امیر محمد آصف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں مختلف طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شرکت کی۔ ختم نبوت تربیتی کنونشن میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے مبلغ مولانا عبدالنعیم، بریلوی مکتب فکر کے مولانا محمد راشد، معروف نعت خوان مولانا محمد عمران نقشبندی، حافظ محمد انعام، حافظ محمد اسماعیل، مفتی محمد مبشر، ختم نبوت یونٹ کے اراکین محمد بلال، محمد نوید، محمد تنویر، قاری سمیع اللہ عباسی نے شرکت کی۔

مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت امت مسلمہ کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، ختم نبوت اور قادیانیت کے متعلق قوانین ختم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت کیلئے امت مسلمہ ہمیشہ حساس رہی ہے، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے بارہ سو صحابہ کرام نے جام شہادت نوش کیا ہے اور آج تک امت عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے قربانیاں پیش کر رہی ہے، عقیدہ ختم نبوت پر پورے دین کی عمارت قائم ہے اور اسی میں امت مسلمہ کی وحدت کا راز مضمر ہے۔

مولانا محمد راشد نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ناموس رسالت ایکٹ کیخلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا، ناموس رسالت کا قانون تمام انبیاء کرام کی عزت اور ناموس کا دربان اور چوکیدار ہے قادیانی گروہ کمیونیکیشن اور سپر پاور ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے کفر و ارتداد اور اپنے الحاد آفریں نظریات کو اسلام باور کروا کے عالمی دنیا کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ علماء نے کہا کہ ہمیں اپنے اپنے شعبوں میں تحفظ ختم نبوت کے کام کو طلباء اور عوام الناس کو آگاہ کرنا چاہیئے۔ کنوشن کے آخر میں تمام شرکاء نے وعدہ کیا کہ 13مارچ ختم نبوت کانفرنس کی بھرپور تیاری کی جائیگی اور مہم چلائی جائیگی تاکہ کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ مسلمان شریک ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 912731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش