0
Wednesday 27 Jan 2021 19:43

قائداعظم نے ملکِ پاکستان میں نفاذِ اسلام کا وعدہ کیا تھا، پیر آف مانکی شریف سیمینار

قائداعظم نے ملکِ پاکستان میں نفاذِ اسلام کا وعدہ کیا تھا، پیر آف مانکی شریف سیمینار
اسلام ٹائمز۔ پی سی ہوٹل لاہور میں محافظانِ نظریہ پاکستان لاہور کے زیراہتمام ’’قائدِ اعظم اور پیر آف مانکی شریف کی خدمات و کردار کا جائزہ‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سابق وزیر مذہبی امور و اوقاف خیبر پختونخوا پیر آف مانکی شریف پیرزادہ نبی امین نے کی۔ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خطبہ استقبالیہ میں پیرزادہ محمد امین نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پیر آف مانکی شریف کی خدمات و کردار کو فراموش کیا گیا ہے اور مخالفین پاکستان کو نوازا کیا گیا ہے۔ پیر سعید الحسن نے کہاکہ ہماری حکومت نے پنجاب بھر میں قرآن پاک کی تعلیم کو نصاب کا لازمی حصہ بنایا ہے۔ ان شاءاللہ سیرت نبویﷺ کو بھی لازمی مضمون کے طور پر نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیر آف مانکی شریف کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جانا چاہیے۔ ہم اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

جسٹس (ر) نذیر غازی نے کہاکہ تحریک پاکستان میں اہلسنت مشائخ و علماء نے بنیادی کردار ادا کیا ہے، لیکن تاریخ پاکستان میں انہیں نظر انداز کیا گیا ہے، جس کا ازالہ حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے۔ مشہور تجزیہ نگار سجّاد میر نے کہاکہ مخالفینِ پاکستان کے نام پر یونیورسٹیاں بنائی جا رہی ہیں اور مجاہدینِ پاکستان کے کردار کو فراموش کیا جا رہا ہے، زندہ قومیں اپنے اکابرین اور محسنین کیساتھ ایسا سلوک نہیں کرتیں۔ ڈاکٹر ہمایوں عباس نے کہاکہ اس وقت اس امر کی ضرورت ہے کہ ہم اکابرین اہلسنت کے کردار کو اجاگر کرنے کیلئے علمی و فکری تحریک شروع کریں۔ ڈاکٹر محمد اکرم رانا نے کہاکہ ہمارے اسلاف نے اس ملک کیلئے جو قربانیاں پیش کیں، وہ نفاذِ اسلام کیلئے تھیں، لیکن موجودہ نسل کو اس کا احساس ہی نہیں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہاکہ نسل نوء کو نظریہ پاکستان سے متعارف کروانا چاہیے۔ خطبہ صدارت میں پیر آف مانکی شریف پیرزادہ نبی امین نے کہاکہ کہ ہمارے پاس قائداعظمؒ کے خطوط آج بھی موجود ہیں، جس میں نے انہوں نے ملکِ پاکستان میں نفاذِ اسلام کا وعدہ کیا تھا۔ انہون نے کہا کہ پیر آف مانکی شریف نے نفاذ اسلام کی شرط پر ہی مسلم لیگ میں شرکت کی تھی۔

سیمینار سے پروفیسر ارشد اقبال، مجاہد عبدالرسول، ڈاکٹر عبدالرشید، ڈاکٹر محمد اکرم ورک، مفتی محمد حسیب، ڈاکٹر عمران انور نظامی، راو حسیب احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 912739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش