QR CodeQR Code

بھارت کے ہر شہری کو اپنے اندر احساس ذمہ داری بیدار کرنے کی ضرورت ہے، مولانا امین الحق قاسمی

27 Jan 2021 21:06

جمعیۃ علماء ہند کانپور کے جنرل سکریٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال ہمارے ملک میں پورے جوش و خروش کے ساتھ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے، دراصل یہ دونوں دن اپنے محسنوں کے تئیں احسان مندی کے اظہار اور خود اپنا محاسبہ کرنیکے دن ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیۃ علماء ہند کانپور کی جانب سے یوم جمہوریہ کے موقع پر حسب سابق پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی اور مجاہدین آزادی و دستور ہند کے محسنین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کانپور کے جنرل سکریٹری اور جامعہ محمودیہ کے نائب ناظم مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال ہمارے ملک میں پورے جوش و خروش کے ساتھ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے، دراصل یہ دونوں دن اپنے محسنوں کے تئیں احسان مندی کے اظہار اور خود اپنا محاسبہ کرنے کے دن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے جس جذبہ اور احساس ذمہ داری کے تحت اپنی جان و مال اور اولاد سب داؤ پر لگا کر اس ملک کو ایک ظالم حکومت سے آزادی دلائی، آج ہم نے ان کی قربانیوں کا کیا صلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اس ملک کے لئے جو خواب دیکھا تھا، ہم نے اس خواب کی تعبیر میں اپنا کتنا حصہ لگایا ہے۔

مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ ہم جس نبی کے ماننے والے ہیں ان کو اللہ نے سارے عالم کے لئے رحمت بناکر بھیجا تھا، اس حوالہ سے ہماری ذمہ داری بہت زیادہ بڑھی ہوئی ہے، ہمیں بلا تفریق مذہب و مسلک تمام انسانوں اور تمام مخلوق کی بھلائی اور ہمدردی کا جذبہ دل میں لیکر میدان عمل میں آنا ہے اور خدمت خلق کو اپنا مشن بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم برملا یہ بات کہتے ہیں کہ یہ ملک ہمارا ہے تو پھر ہمیں اپنے ملک کے تئیں جذبہ خدمت اور احساس ذمہ داری بیدار کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اس دیش کو خون کی ضرورت پڑی تو ہمارے بزرگوں نے بلا جھجھک اپنی گردنیں سامنے کردیں، آج اس دیش کو ہونہار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے، اچھے ایماندار ڈاکٹروں کی ضرورت ہے، اچھے آئی ایس اور آئی پی ایس کی ضرورت ہے، ہم یوم جمہوریہ کے موقع پر عہد کریں کہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی تمام ضرورتوں کو پورا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 912747

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912747/بھارت-کے-ہر-شہری-کو-اپنے-اندر-احساس-ذمہ-داری-بیدار-کرنے-کی-ضرورت-ہے-مولانا-امین-الحق-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org