0
Thursday 28 Jan 2021 01:38

امریکا میں بڑی دہشتگردی کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

امریکا میں بڑی دہشتگردی کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری
اسلام ٹائمز۔ امریکا میں حالیہ صدارتی اتنخاب کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکاری حلقوں کی جانب سے ممکنہ داخلی دہشت گردی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس نومبر میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے والے افراد اور گروہوں کی جانب سے دہشت گردی یا تشدد کی کارروائی ہوسکتی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے 6 جنوری کو کیپیٹل ہل پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کا حملہ ہونے کے بعد اس حوالے سے پہلے بھی خبردار رہنے کا انتباہ جاری کیا جاتا رہا ہے۔ اس واقعے میں 5 افراد کی جان گئی تھی جبکہ اس حملے کے بعد صدر بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ تقریب کی سکیورٹی کے لیے امریکی دارالحکومت میں مکمل کرفیو بھی نافذ کرنا پڑا اور 20 ہزار سے زائد سکیورٹی اہل کار تعینات کیے گئے۔

محکمہ داخلہ کی ممکنہ دہشت گردی سے متعلق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موصول ہونے والی معلومات کے مطابق نظریاتی محرکات کی بنا پر بعض شرپسند عناصر تشدد پر اکسانے کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ وہی شرپسند عناصر ہیں جو موجودہ حکومت کا قانونی اختیار تسلیم نہیں کرتے، انہیں انتقال اقتدار پر بھی اعتراضات ہیں اور اسی طرح کے اپنے دیگر غلط تصورات پر بضد ہیں۔ اس ایڈوائزری میں کسی باقاعدہ منصوبے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم امریکا میں گذشتہ چند ہفتوں سے جاری کشیدگی کی فضا جاری رہنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں، 2020ء کے انتخابی نتائج اور پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کو جواز بنا کر یہ گروہ کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں نسلی منافرت کے دیرینہ مسائل اور تارکین وطن کی مخالفت بھی تشدد پسندانہ ردعمل کا باعث بن سکتی ہے۔  واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے حلف برداری کے بعد پہلے خطاب میں سفید فام نسل پرستی اور نسلی منافرت کو امریکا کے لیے بڑا داخلی چیلنج قرار دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 912792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش