0
Thursday 28 Jan 2021 20:01
ایرانی پیشرفت

2025ء تک ایرانی "میتھانول" دنیا کی ضرورت کا 45 فیصد مہیا کریگی، بہزاد محمدی

2025ء تک ایرانی "میتھانول" دنیا کی ضرورت کا 45 فیصد مہیا کریگی، بہزاد محمدی
اسلام ٹائمز۔ ایرانی ڈپٹی وزیر پٹرولیم بہزاد محمدی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ 4 سالوں کے دوران ایران میں میتھانول (Methanol) کی پیداوار میں 2 برابر اضافہ ہو جائے گا۔ بہزاد محمدی کا کہنا تھا کہ سال 2025ء تک ایرانی میتھانول کی پیداوار 2 کروڑ 30 لاکھ میٹرک ٹن فی سال (mtpa) تک پہنچ جائے گی جبکہ اس وقت ملک میں 1 کروڑ 20 لاکھ میٹرک ٹن فی سال میتھانول تیار کی جا رہی ہے جو ملکی پیداواری صلاحیت کا 80 فیصد ہے۔

ایرانی ڈپٹی وزیر پٹرولیم نے میڈیا کو بتایا کہ ایران ملک میں تیار کی جانے والی میتھانول کا صرف 6 فیصد ہی ملک میں استعمال کرتا ہے جبکہ باقی 94 فیصد برآمد کر دیا جاتا ہے جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ہر سال 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025ء تک 2 کروڑ 30 لاکھ میٹرک ٹن فی سال میتھانول کی پیداوار حاصل کرنے کے لئے ایران کو فیڈ اسٹاک کے طور پر پیٹروکیمیکل پلانٹس میں 15 کروڑ کیوبک میٹر یومیہ گیس مہیا کرنا پڑے گی جس کے سبب ایران؛ میتھانول کی عالمی مارکیٹ کا 45 فیصد حصہ ملک میں تیار کر پائے گا۔

بہزاد محمدی نے تاکید کی کہ چین دنیا میں میتھانول بنانے اور میتھانول درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو آنے والے سالوں کے دوران ایران سے سب سے زیادہ میتھانول خریدنے والا سب سے بڑا خریدار باقی رہے گا جبکہ سال 2024ء تک ایران، چین کی کل ضرورت کی ایک چوتھائی میتھانول اُسے مہیا کرے گا جس کی مقدار تقریبا 1 کروڑ 30 لاکھ میٹرک ٹن فی سال ہے۔ ایرانی ڈپٹی وزیر پٹرولیم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران ملک میں تیار کردہ میتھانول کی برآمدات کو مزید کم کرتے ہوئے اس کے خام مال کو ملک کے اندر زیادہ سے زیادہ استعمال کر کے اعلی قیمت کی مصنوعات تیار کرے گا۔

واضح رہے کہ میتھانول کو ایندھن، اینٹی فریز مائع اور منحل کے طور پر اور بائیو ڈیزل کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے تاہم ستمبر 2020ء میں ایرانی حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ایرانی سائنسدانوں نے میتھانول کو پروپیلین میں تبدیل کرنے کی ٹیکنالوجی دریافت کر لی ہے جسے عام طور پر MTP کہا جاتا ہے اور یہ اس وقت دنیا بھر میں صرف 2 یورپی ممالک ہی کے پاس موجود ہے۔
خبر کا کوڈ : 913007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش