0
Thursday 28 Jan 2021 13:46

آئندہ 3 ماہ کے دوران نطنز جوہری پلانٹ میں مزید 1000 سنٹریفیوج نصب کر دینگے، بہروز کمالوندی

آئندہ 3 ماہ کے دوران نطنز جوہری پلانٹ میں مزید 1000 سنٹریفیوج نصب کر دینگے، بہروز کمالوندی
اسلام ٹائمز۔ ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر و ترجمان بہروز کمالوندی نے اعلان کیا ہے کہ شہید مسعود علی محمدی (نطنز) جوہری پاور پلانٹ میں اگلے 3 ماہ کے دوران IR2m قسم کے 1,000 نئے سنٹریفیوج نصب کر دیئے جائیں گے۔ ایرانی چیئرمین پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اور ان کے ہمراہ دوسرے اراکین پارلیمنٹ کے نطنز ایٹمی پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر خبرنگاروں سے خطاب کرتے ہوئے بہروز کمالوندی نے کہا کہ (یورینیم کی) افزودگی دنیا کے پیشرفتہ فنی میدانوں میں سے ایک ہے جبکہ ہم نے نہ صرف افزودگی کے میدان میں سو فیصد مہارت حاصل کر لی ہے بلکہ اس فن کو مقامی بھی بنا دیا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہماری مہارت صرف (یورینیم) افزودگی میں ہی نہیں بلکہ ریڈیو فارماسیوٹیکل (Radiopharmaceutical)، یلو کیک اور آکسیجن 18 کی تیاری بھی ہماری مہارتوں میں شامل ہے۔



بہروز کمالوندی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پورے اطمینان کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ آئندہ 3 ماہ سے قبل ہی (نطنز جوہری پاور پلانٹ میں) IR2m قسم کے مزید 1,000 سنٹریفیوج نصب کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نصب کئے جانے والے سنٹریفیوج بھی ملک میں ہی تیار کئے جائیں گے جبکہ ان کی تیاری اور نصب کا کام ساتھ ساتھ جاری ہے اور ان شاء اللہ 3 ماہ تمام ہونے سے قبل ہی 1 ہزار نئے سنٹریفیوج نصب کرنے کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں 20 فیصد افزودہ یورینیم کی مقدار کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت 17 کلوگرام 20 فیصد افزودہ یورینیم ملک میں موجود ہے۔
خبر کا کوڈ : 913008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش