QR CodeQR Code

جی بی کے طلبہ کو تعلیمی حق سے محروم کرنا زیادتی ہے، عارف حسین الجانی

29 Jan 2021 18:30

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی ریکنگ میڈیکل کالجز میں گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے مخصوص نشستوں کو تین گنا کم کر دیا گیا ہے، حکومت کے اس اقدام کے بعد طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کو ان کے بنیادی اور آئینی حق سے محروم کرنا تعلیم دشمنی کے مترادف ہیں، ہم تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے طالبہ کا کوٹہ کم کرنے کیخلاف گلگت بلتستان کے طلبہ کیساتھ کھڑے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نوٹیفکیشن کو فی الفور واپس لیا جائے اور طلبہ کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہ کیا جائے۔ مرکزی صدر نے کہا کہ بلوچستان، فاٹا اور گلگت بلتستان کے طلبہ کے میڈیکل کالجز میں کوٹہ کو کم کرنے کے معاملہ کو ہر پلیٹ فارم سے اُجاگر کریں گے۔

لاہور میں طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے میڈیکل کالجز میں گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے مختص نشستوں کی تعداد میں کمی کرنا افسوسناک اور شرمناک فعل ہے جس کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی ریکنگ میڈیکل کالجز میں گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے مخصوص نشستوں کو تین گنا کم کر دیا گیا ہے، حکومت کے اس اقدام کے بعد طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو  قیام پاکستان سے آئین سے محروم رکھا گیا اور صوبہ بھر میں جامعات نہیں بنائی گئیں، موجودہ حکومت نے حالیہ الیکشن کمپین کے دوران تعلیمی مسائل حل کرنے کے وعدے کیے تھے لیکن پنجاب میں ہمارے ہونہار طلبہ کو ان کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 913106

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/913106/جی-بی-کے-طلبہ-کو-تعلیمی-حق-سے-محروم-کرنا-زیادتی-ہے-عارف-حسین-الجانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org