QR CodeQR Code

ٹرانپیرنسی رپورٹ نے عمران حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی، کاشف شیخ

29 Jan 2021 22:05

اپنے بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو چاہئے کہ وہ احتساب اور کرپشن کے خاتمے کے جھوٹے دعوے کرنے کی بجائے فوری طور پر مؤثر اقدامات کے ذریعے کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے ہے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ احتساب اور انصاف کا دعویٰ کرنے والی موجودہ حکومت کیلئے شرمندگی کا باعث اور پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت گذشتہ تین سالہ اقتدار کے دور میں کرپشن، چوری اور کمیشن کیخلاف جہاد کا اعلان کرتی رہی، لیکن اس کے ناک کے نیچے سرکاری اداروں میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، کبھی آٹا مافیا، کبھی پیٹرول تو کبھی چینی مافیا کہ شکل میں آج ملک پر مافیاز کی حکمرانی رائج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی موجودہ رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی 120 سے 124 تک آنا اس بات کی گواہی ہے کہ موجودہ دور میں کرپشن بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں تحریکِ انصاف کی حکومت اگست 2018ء سے برسراقتدار ہے اور مسلسل ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے عزم کا اظہار اور اس سلسلے میں دعوے کرتی رہی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر روز یہی رٹ لگاتے رہتے ہیں کہ وہ ملک سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، ان کے دور میں پاکستان میں احتساب کا قومی ادارہ نیب بھی سرگرم اور حزبِ اختلاف کے اہم رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی اور کرپشن کے مقدمات قائم کئے گئے ہیں، لیکن آج تک بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود نہ تو قومی خزانے سے لوٹی ہوئی دولت واپس ہوئی ہے اور نہ ہی پیپلز پارٹی، نواز لیگ سمیت کسی بھی سیاستدان پر کرپشن کا جرم ثابت کرکے سزا دے سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو چاہئے کہ وہ احتساب اور کرپشن کے خاتمے کے جھوٹے دعوے کرنے کی بجائے فوری طور پر مؤثر اقدامات کے ذریعے کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔


خبر کا کوڈ: 913129

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/913129/ٹرانپیرنسی-رپورٹ-نے-عمران-حکومت-کی-کارکردگی-قلعی-کھول-کر-رکھ-دی-کاشف-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org