0
Friday 29 Jan 2021 22:20

نیب انتقامی ادارہ ہے، تحریک انصاف انتقامی ونگ کا کردار ادا کر رہی ہے، امجد حسین ایڈووکیٹ

نیب انتقامی ادارہ ہے، تحریک انصاف انتقامی ونگ کا کردار ادا کر رہی ہے، امجد حسین ایڈووکیٹ
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کو طلب کرنا انتقامی کارروائی ہے۔ تحریک انصاف اب تحریک انتقام بن چکی ہے اور تعمیر و ترقی کے بجائے انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ نیب جو چاہے پوچھ گچھ کر لے مگر کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ تبدیلی سرکار کے پاس جی بی کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے، اس لئے عوام کی توجہ ایشوز سے ہٹانے کے لئے احتساب کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا ہے اب بھی ہم کٹھ پتلی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مافیاز کے نرغے میں گِھری وفاقی حکومت کے منہ سے احتساب کی باتیں فقط ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں۔ وفاق میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں پر نیب کے ذریعے جھوٹے مقدمات بنوائے گئے مگر اب تک کچھ ثابت نہیں ہو سکا، اب گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کو عتاب کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے مگر کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیب احتسابی ادارہ نہیں بلکہ انتقامی ادارہ بن چکا ہے اور تحریک انصاف انتقامی ونگ کا کردار ادا کر رہی ہے۔ نااہل صوبائی حکومت اگر گلگت بلتستان کے ساتھ مخلص ہے تو تعمیر و ترقی کا کوئی ایجنڈا دے مگر یہ ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ جس طرح تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے ڈھائی سالوں میں فقط تنقید اور انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا اسی طرح یہ صوبائی حکومت بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ اب تو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بھی ثابت کیا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت جی بی کے عوام پر بوجھ اور وسائل لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتی۔ پیپلز پارٹی کو احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا ہے۔ ہم گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے اور صوبائی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 913131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش