QR CodeQR Code

ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور اس بہتی گنگا میں ہر کوئی ہاتھ دھو رہا ہے، سراج الحق

29 Jan 2021 23:39

جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے نہ ہی کوئی قدم اٹھایا اور نہ ہی پلاننگ کی، ایک کنفیوژن کی پالیسی برقرار ہے، لنگرخانے تعمیر ہو رہے ہیں اور لوگوں کو مرغیاں پالنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ براڈشیٹ سکینڈل اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹس سے ثابت ہو گیا ہے کہ کرپشن کا کلچر ملک میں سالہا سال سے فروغ پا رہا ہے، پی ٹی آئی کے دورحکومت میں اس کو مزید تقویت ملی، کرپشن نے سوسائٹی کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، حکمران طبقہ کی بدعنوانی کی وجہ سے ہر سال پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہوتی ہے جب کہ صاحب اقتدار طبقہ کو رتی برابر شرم محسوس نہیں ہوتی، دہائیوں سے پاکستان کے ریسورسز پر قابض اشرافیہ نے اداروں کو مضبوط کرنے اور پائیدار نظام کی تشکیل کے لیے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا۔ لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور اس بہتی گنگا میں ہر کوئی ہاتھ دھو رہا ہے جب کہ دوسری جانب وہ اکثریت ہے جنھیں زندگی کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ ملک میں کروڑوں افراد کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں۔ لاکھوں بچے سکولوں سے باہر، فیکٹریوں اور ہوٹلوں اور چائے کے ڈھابوں پر مزدوریاں کر رہے ہیں۔ فیکٹری مزدور، کسان، تنخواہ دار طبقہ سب پریشان ہیں۔ لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے بے روزگار پھر رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے نہ ہی کوئی قدم اٹھایا اور نہ ہی پلاننگ کی۔ ایک کنفیوژن کی پالیسی برقرار ہے، لنگرخانے تعمیر ہو رہے ہیں اور لوگوں کو مرغیاں پالنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں، اداروں کی دھڑا دھڑ پرائیویٹائزیشن کا عمل جاری ہے اور اربوں ڈالر قرضہ لیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 913147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/913147/ملک-میں-لوٹ-مار-کا-بازار-گرم-ہے-اور-اس-بہتی-گنگا-ہر-کوئی-ہاتھ-دھو-رہا-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org