0
Saturday 30 Jan 2021 15:07

کورونا وبا، سندھ حکومت نے امتحانات کا طریقہ اور دورانیہ تبدیل کر دیا

کورونا وبا، سندھ حکومت نے امتحانات کا طریقہ اور دورانیہ تبدیل کر دیا
اسلام ٹائمز۔ حکومتِ سندھ نے کورونا وبا کے پیش نظر اسکولوں اور کالجز میں سالانہ امتحانات کے طریقے اور دورانیئے میں تبدیلی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرِ صدارت صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیی اداروں میں تدریسی عمل کی بحالی اور امتحانات سے متعلق پالیسی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سرکاری کالجز کے عملے کے 13 ہزار 750 کورونا ٹیسٹ کرائے ہیں، ان میں 200 افراد کے متاثر ہونے کی رپورٹ ملی ہے، کراچی کے کچھ  کالجز میں کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں، ابھی بھی کراچی کے 2 کالجز کورونا کے وجہ سے بند ہیں، سندھ کے تمام اسکول یکم فروری سے کھل جائیں گے، رواں برس تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات صرف جولائی میں ہوں گی، سندھ میں نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا، اس سال بچوں کو امتحانات کے بغیر اگلی جماعت میں ترقی نہیں دی جائے گی۔

سعید غنی نے بتایا کہ نرسری سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جون سے شروع ہوں گے، نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے 15 جولائی تک جاری رہیں گے، گیارہویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز 28 جولائی سے ہوگا، امتحانات کے دوران کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا، تمام تعلیمی بورڈز امتحانات کے نتائج 90 روز میں تیار کریں گے، نویں اور دسویں جماعت کے نتائج 15 ستمبر، جبکہ 11ویں اور 12ویں جماعت کے نتائج 15 اکتوبر کو جاری ہوں گے، کوئی کالج 15 اکتوبر سے پہلے داخلہ نہیں دے سکے گا۔ وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ طلبہ کے سہولت کیلئے امتحانات کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی ہے، نویں تا بارہویں جماعت کے پریکٹیکلز جون میں اب اسکولوں اور کالجوں میں ہی ہوں گے، پرچے کیلئے 3 گھنٹے کے بجائے اب دو گھنٹے کا وقت ہوگا، ایم سی کیوز کو 50 فیصد کر دیا گیا ہے، 30 فیصد تفصیلی اور 20 فیصد مختصر سوالات دیئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 913254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش