پگڑی سنبھال جٹہ، احسن اقبال کی عمران خان کیخلاف سکھوں کی طرز پر کسان تحریک شروع کرنیکی دھمکی
30 Jan 2021 19:38
لاہور میں کسانوں سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر اس نے کسان و زراعت دشمن پالیسیاں تبدیل نہ کیں تو وہ مودی سرکار کے انجام سے سبق سیکھیں، ہم نے کال دی تو ملک بھر کے کسان ہمارے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، بہتر ہے خود استعفیٰ دے دیں ورنہ لاکھوں کا مجمع اسلام آباد ان سے استعفیٰ لینے آئے گا تو ان کے پاس راہ فرار نہیں ہوگی۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے کسان وِنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملکی ترقی میں زراعت نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا لیکن آج کسان کو اپنی محنت کا صحیح معاوضہ بھی نہیں مل رہا، کھاد اور ادویات کے اندر ہر سم کی ملاوٹ کو ختم کیا جائے، پیداوری قیمت بڑھنے سے کسان کمزور سے کمزور تر ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج یوں لگتا ہے کہ ملک کے اندر کوئی حکومت نہیں ہے، کوئی یہ نہیں دیکھ رہا کہ جو کسان اپنی جیب سے پورے پیسے ادا کرتا ہے اس کے عوض اسے ملاوٹ شدہ ادویات اور کھاد مل رہی ہے، ملاوٹ سرعام ہے اور اس کو کوئی دیکھنے والا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت آنے سے ملک میں زراعت کا شعبہ یتیم ہوگیا ہے، امید کرتا ہوں کا (ن) لیگ کا کسان ونگ پاکستان بھر کے کسانوں کی آواز بنے گا اور ہم کسانوں کا مزید استحصال برداشت نہیں کریں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں عمران خان کی حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر اس نے کسان و زراعت دشمن پالیسیاں تبدیل نہ کیں تو وہ مودی سرکار کے انجام سے سبق سیکھیں، ہم نے کال دی تو ملک بھر کے کسان ہمارے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ: 913299