0
Saturday 30 Jan 2021 21:50
امریکہ نے ڈینیئل پرل کے قاتل کی حوالگی کا مطالبہ نہیں کیا

امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قاتل عمر شیخ کو امریکہ کے حوالے نہیں کیا جائیگا، شاہ محمود قریشی 

امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قاتل عمر شیخ کو امریکہ کے حوالے نہیں کیا جائیگا، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کو روکنا عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے، کرپشن سے کمایا پیسہ ملک سے باہر چلا جائے تو ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہم کرپشن کے ذمہ دار افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی اور ذمہ داروں کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ ہم ہر اس ادارے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، جو کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کرے گا۔ پی ڈی ایم کے قول و فعل میں تضاد ہے، پی ڈی ایم کہہ رہی ہے کہ مناسب وقت پر استعفے دیں گے تو وہ وقت 2023ء ہی ہوگا۔ ہمیں پہلے ہی شک تھا کہ پی ڈی ایم کا استعفے دینے کا کوئی ارادہ نہیں، پی پی کے پاس پنجاب میں سینیٹ کی نشست منتخب کرنے کی تعداد نہیں۔ سینیٹ کا رکن بننے کے بعد ہی چیئرمین کیلئے کوشش کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کل میری امریکہ کے وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، امریکی وزیر خارجہ کو وزیراعظم عمران کی ترجیحات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ افغان عمل، دہشت گردی، ماحولیات اور کلائمیٹ چینج پر عمران خان کے ویژن سے آگاہ کیا۔

انہیں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق موقف واضح ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کو ایک عدالتی فیصلے پر تشویش تھی، جس پر انہیں اعتماد میں لیا، انہیں بتایا پاکستان میں عدالتیں مکمل آزاد، آئین و قانون کے مطابق فیصلے کر رہی ہیں، انہیں بتایا ہمارے ہزاروں لوگ دہشت گردی سے متاثر ہوئے، ہم نے دہشت گردی سے اپنے علاقوں کو صاف کیا۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف پیش رفت کی ہے، ہم نے انہیں آگاہ کیا کہ قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے عدالتی فیصلے پر نظرِثانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ہم نے آگاہ کیا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف سندھ حکومت نے نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔ ڈینیل پرل کے قتل پر ان کے خاندان کو انصاف فراہمی کے خواہاں ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی، یہ سلسلہ جاری رہے گا، میں نے انتونی بلنکن کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی، اُمید ہے انتونی بلنکن کے تجربات سے خطے کے مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی ذرائع سے بھارتی مکروہ اقدامات اور تشدد کو بے نقاب کر رہا ہے، مستقبل میں بھارت کا مکروہ چہرہ مزید بے نقاب ہوگا۔ پاکستان نے کشمیر کے مسئلہ کو انتہائی موثر انداز میں اٹھایا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا گیا تو ہی انٹرنیشنل کمیونٹی حرکت میں آئی ہے، ہم نے شراکت داروں اور عالمی برادری کو باور کرایا کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے۔ بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا اور کسانوں نے احتجاج کیا۔ ہندوستان میں کسانوں کی تحریک زور پکڑ چکی ہے، ہندوستان کے تمام صوبوں میں کسان احتجاجی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، ہندوستان کے کسان بی جے پی کی پالیسیوں سے نالاں ہیں، دہلی کی سرکار کسانوں کے ساتھ مذاکرات میں کامیاب دکھائی نہیں دیتی، کشمیر کے مسئلہ پر سینٹ کی خارجہ کمیٹی میں حکومتی موقف سامنے رکھا، جس کو اپوزیشن ارکان نے سراہا۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کبھی بھی آسان نہیں تھا۔ افغان امن مذاکرات کا آغاز ہوا، گفتگو جاری ہے لیکن فیصلہ افغانیوں نے کرنا ہے۔ افغان امن عمل پر پیشرفت پاکستان کی خواہش مگر عمل درآمد افغانیوں نے کرنا ہے، افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان میں بہتری ہوگی تو پاکستان کو فائدہ ہوگا، خطے کے حوالے سے منصوبے اس وقت پایہ تکمیل کو پہنچیں گے، جب افغانستان میں امن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کی جانب سے نواز شریف کی جو مالی معاونت کی گئی، وہ ریکارڈ پر ہے۔ ملکی سلامتی کے معاملات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجوہات سب کے سامنے ہیں، اس پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، ہم پاکستان کی معاشی مشکلات پر غلبہ پانے کیلئے کوشاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 913317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش