0
Sunday 31 Jan 2021 21:06

بھائی کو قتل کروانے کیلئے 15 لاکھ روپے دینے والا بھائی گرفتار

بھائی کو قتل کروانے کیلئے 15 لاکھ روپے دینے والا بھائی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھائی کو قتل کروانے والے بھائی کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پیر آباد کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جائیداد اور کاروبار کے تنازع پر بھائی کو قتل کرانے والا سگا بھائی گرفتار کرلیا، واقعہ دو ماہ قبل پیر آباد کراچی میں پیش آیا تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز نے بتایا کہ ملزم ہاشم خان نے اپنے بھائی قاسم کو قتل کروانے کے لیے گلاب خان نامی اجرتی قاتل کو 15 لاکھ روپے بھی دینے کا وعدہ کیا، بھائی کا قتل کروانے کے بعد ہاشم خان نے گلاب خان کو لاہور میں اپنے ایک دوست رانا زاہد کے پاس پیسے لینے اور روپوشی کے لیے بھیج دیا، جہاں رانا زاہد کے ذریعے گلاب خان کو بھی قتل کرا دیا۔ اس کام کے لیے رانا زاہد کو 2 لاکھ روپے دیئے۔

ایس ایس پی ویسٹ کا مزید کہنا ہے کہ ملزم زاہد رانا لاہور میں گرفتار ہوچکا ہے اور موبائل فون ڈیٹا کے ذریعے ہاشم خان کو کراچی میں گرفتار کیا گیا۔ ہاشم خان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا بھی اعتراف کر لیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے بھائی کو جائیداد اور کاروبار کے تنازع پر قتل کروایا۔ واضح رہے کہ یکم دسمبر 2020ء کو پیر آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاسم خان ولد نذیر خان ہلاک ہوگیا تھا۔ ابتدائی طور پر مقتول کے بھائی نے واقعے کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ بتایا تھا، تاہم پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تو مقتول کا بھائی ہی اس کا قاتل نکلا۔
خبر کا کوڈ : 913487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش