0
Sunday 31 Jan 2021 23:23
ڈینیل پرل کیس کے حوالے سے حکومت نے نظرثانی اپیل دائر کردی ہے

سعودی عرب نے ہمیں بیلنس آف پے منٹ اور تیل کی فراہمی میں معاونت کی، شاہ محمود قریشی 

سعودی عرب نے ہمیں بیلنس آف پے منٹ اور تیل کی فراہمی میں معاونت کی، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں جتنی جماعتیں اُتنے بیانیئے، پی ڈی ایم میں یکسوئی نہیں، پی ڈی ایم کا موقف تضادات سے بھرا ہوا ہے اور اس میں کلیرٹی نہیں ہے، پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیجنے چلی تھی اور اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، پی ڈی ایم کے غیرفطری اور مصنوعی اتحاد کی قلعی کھل چکی ہے، پی ڈی ایم کے اندر خاصی بے چینی ہے، پی ڈی ایم کا شیرازہ بہت جلد بکھرنے کو ہے، باشعور عوام نے پی ڈی ایم کے کھوکھلے نعروں اور جلسے جلوس کی احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا۔ پی ڈی ایم سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے، پی ڈی ایم پارلیمنٹ میں عدم اعتماد تحریک لانے کا شوق پورا کرے ہم اور ہمارے حلیف تحریک عدم اعتماد کا سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی انداز میں مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ کرونا ویکسین لینے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین روانہ ہوگیا ہے۔ کل صبح اسلام آباد ایئرپورٹ پر چین کے سفارتی عملے کے ہمراہ خود ویکسین کو رسیو کروں گا۔ یہ ویکسین پہلے ہمارے فرنٹ لائن ورکر جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا انہیں لگائی جائیگی۔ امید ہے اس ویکسین کی بدولت عوامی جانوں کو محفوظ کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں انشااللہ وبا پر قابو پا لیں گے۔ کرونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاون حکمت عملی کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینیل پرل کیس کے حوالے سے حکومت نے نظرثانی اپیل دائر کردی ہے۔ امید ہے ڈینل پرل کے خاندان کو انصاف ملے گا۔

افغانستان میں امن کے حوالے سے امریکہ کی نئی حکومت سے توقعات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا  کہ افغانستان میں امن نہ صرف خواہش ہے بلکہ ترجیح بھی۔ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں امن واستحکام ہو کیونکہ افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔ انشااللہ نئی امریکی حکومت کے آنے سے افغان امن کے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔اور نہ ہی بھارت کے ساتھ بیک ڈورچینل رابطہ ہے، ہم نے بھارت کے خلاف دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوتوں پر مشتمل ڈوزئیر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو بھیجے، ہم نے عالمی برادری کو پاکستان کو عدم استحکام کرنے کی بھارتی کوششوں بارے آگاہ کیا۔ ڈوزئیر کا معاملہ کسی ایک پارٹی کا نہیں، پورے پاکستان کا ہے، پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے قوم اور تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ کے حوالے سے ہم چاہتے ہیں کہ شفاف تحقیقات ہوں، یہ معاہدہ کب ہوا کس نے کیا؟ پی ٹی آئی اس کی ذمہ دار نہیں، ہم حقائق کی چھان بین چاہتے ہیں، جب انکوائری کمیشن بیٹھے گا تو سب کچھ بے نقاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی مسلم لیگ نواز کا تحفہ ہے، جب ہم اپنے روپے کو مصنوعی طریقے سے مستحکم بنانے کی کوشش کریں گے تو اس کا نقصان ہوگا جیسا اسحق ڈار صاحب نے کیا۔ ہمیں اس غلط فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑی چنانچہ ڈالر کی قیمت بڑھی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب نے ہمیں بیلنس آف پے منٹ میں اور تیل کی فراہمی میں معاونت کی۔ ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما۔
خبر کا کوڈ : 913498
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش