0
Friday 12 Aug 2011 23:20

پاکستان کی لسانی بنیادوں پر تقسیم امریکی منصوبہ ہے، امریکہ کا ہدف پاکستان کو تقسیم کرنا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

پاکستان کی لسانی بنیادوں پر تقسیم امریکی منصوبہ ہے، امریکہ کا ہدف پاکستان کو تقسیم کرنا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی اپیل پر ملک میں بدامنی، دہشت گردی، بے برکتی اور نحوستوں کے خاتمے کے لیے ’’یوم دعا منایا گیا‘‘ اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور ملک بھر میں اہل سنت کی مساجد میں اسلام دین امن کے موضوع پر خطبات جمعہ پڑھے گئے۔
یوم دعا کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ فضل کریم نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں قائم ہونے والے پاکستان میں نظام مصطفEی نافذ نہ ہونے کی وجہ سے ہر طرف بدامنی اور بے برکتی پھیلی ہوئی ہے۔ حکمرانوں اور قوم کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعصبات کی سیاست مسجد میں شراب کا کاروبار کرنے کی طرح ہے, کیونکہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا اور تعصبات کی سیاست کلمہ طیبہ کی نفی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی لسانی بنیادوں پر تقسیم امریکی منصوبہ ہے۔ امریکہ کا ہدف پاکستان کو تقسیم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چار بڑی جماعتیں سندھیت، پنجابیت، مہاجریت اور پختونیت کے پرچم لیے کھڑی ہیں۔ انہیں زبان اور نسل کی بجائے اسلام اور پاکستان کو اپنی شناخت بنانا ہو گا۔
یوم دعا کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حکمران حسنی مبارک کے انجام سے سبق سیکھیں اور ملک و قوم کو امن فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور عوام کو اپنا غلام سمجھنے کا رویہ چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی پی پی کی نہیں کلاشنکوف کی حکمرانی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری نے جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے فسادات میں حکومتی اتحادی اور را ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی نظریں بلوچستان کے معدنی وسائل پر ہیں۔ بلوچستان میں امریکی سفیر کے پراسرار دوروں کا نوٹس لیا جائے اور امریکی سفیر کی سرگرمیوں کو محدود کیا جائے۔
یوم دعا کے اجتماعات سے علامہ سید حسین الدین شاہ، صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، ثروت اعجاز قادری، پیر سید محفوظ مشہدی، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، شاداب رضا نقشبندی، پیر محمد اطہر القادری، محمد نواز کھرل، پیر سید محمد اقبال شاہ، صاحبزادہ عبدالمالک، زاہد حبیب قادری، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، پروفیسر محمد اشفاق جلالی، مولانا نواز بشیر جلالی اور دیگر نے مختلف شہروں میں خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 91360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش