0
Monday 1 Feb 2021 18:40

ہر بچے کو تعلیم دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین

جہالت ختم ہوگی تو انتہا پسندی،فرقہ واریت اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا، خطاب
ہر بچے کو تعلیم دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کو دینی تعلیم کیساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی دی جائے، تعلیم یافتہ، باکردار نوجوان پاکستان اور عالم اسلام کا تابناک مستقبل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام گلگت  بلتستان اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے ایک ماہ دورانیہ کے ونٹر سٹڈی و تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کیمپ میں 70 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تعلیم و امن کے فروغ کیلئے اسلام کا پُرامن تشخص اجاگر کرنے کی تحریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری فرقہ واریت کے خاتمے، انصاف اور عدل کے قیام سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ گلگت  بلتستان کے طلباء اور عوام محب وطن، با صلاحیت، علم اور امن دوست ہیں۔ جہالت ختم ہوگی تو انتہا پسندی،فرقہ واریت اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم زندہ قوموں اور مہذب معاشرے کی بالادستی و عظمت کی علامت ہے، تعلیم یافتہ معاشرہ کی پہچان صبر، انکساری، شکر گزاری، خوف خدا اور عزم و استقلال جیسی اہم ترین عادات ہیں۔ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی باحوصلہ، باہمت اور انسانی اقدار کا سچا علمبردار مانا جاتا ہے۔ علم کمزور ترین معاشرے کو طاقتور بنانے میں مثبت اور بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ تعلیم کا اصل مقصد یہی ہے کہ پاکیزہ اور صالح افکار سے ایک ایسے مثالی معاشرے کی تشکیل عمل میں آئے جس میں ہمدردی، غم گساری اور خیر سگالی کے جذبات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک زندہ اور طاقتور قوم بننا ہے تو دینی و دنیاوی تعلیم کیساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم میں بھی ترقی حاصل کرنا ہو گی۔ جنت نظیر وادیوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو تعلیم و تربیت دینے کے استعداد کار میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ اختتامی تقریب سے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف، نائب صدر چودھری ضلج انقلابی، سیکرٹری جنرل فرحان عزیز، حسن علی، راجہ عطا المصطفیٰ، حسین علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گلگت بلتستان کے طلبہ نے اپنے خطابات میں کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دینی و دنیاوی تعلیم کا مثالی ماحول موجود ہے۔ گلگت بلتستان کے طلبہ اور عوام اسلام کا پُرامن چہرہ پیش کرنے پر ڈاکٹر طاہر القادری کے معترف اور شکر گزار ہیں۔ سٹڈی کیمپ کی اختتامی تقریب میں گلگت  بلتستان اور بلوچستان کے طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز دی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 913675
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش