0
Monday 1 Feb 2021 22:30

شیعہ علماء کونسل کا 14 فروری کو سکھر سے کراچی لانگ مارچ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان

شیعہ علماء کونسل کا 14 فروری کو سکھر سے کراچی لانگ مارچ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ 14 فروری بروز اتوار کو سکھر پریس کلب سے کراچی وزیراعلیٰ ہاؤس تک لانگ مارچ کریں گے اور وزیراعلیٰ ہاوس کا گھیراؤ کریں گے، جس میں سندھ بھر سے ہزاروں لوگ شرکت کریں گے۔ کراچی میں عزاخانہ زہرا (ع) کے باہر علامہ شبیر حسن میثمی و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا، اس کے آئین میں پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو یہ حقوق حاصل ہے کہ وہ اس ملک میں آزادی کے ساتھ اپنی عبادات اور دینی رسومات کو بجا لاسکتے ہیں اور ریاست اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، یہ حق صرف مسلمانوں کو حاصل نہیں ہے بلکہ اس ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو حاصل ہے، حتیٰ کہ جو لوگ اس ملک میں اقلیت میں ہیں، ان کو بھی آئین پاکستان اجازت دیتا ہے اور یہی وعدہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان بناتے وقت ہم سے کیا تھا۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے اس ملک میں دیکھ رہا ہوں کہ اہل تشیع کو ان کے بنیادی حقوق سے روکا جارہا ہے، مجالس عزا و جلوس عزا یہ ہمارا آئینی حق ہے، مگر مختلف انداز میں اس میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں جو ایک افسوس ناک اور قابل مذمت عمل ہے، یہ میرے شہری آزادی پر ڈاکہ ہے، اس سال عاشورہ اور چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر جن افراد نے اپنے اپنے علاقوں کے جلوسوں میں پیدل چل کر شرکت کی ان پر ایف آئی آر درج کرنا یہ کونسا قانون ہے، وہ بھی پولیس جو ریاست کا ادارہ ہے وہ اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرے، یہ سب صوبائی حکومت کی نااہلی اور ان کی بدنیتی پر مبنی عمل ہے، ایک طرف اس ملک میں مزدورں کے گلے کاٹے جارہے ہیں اور دوسری طرف جھوٹے مقدمات درج کرکے فورتھ شیڈول میں لوگوں کو ڈالا جارہا ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 14 فروری بروز اتوار کو سکھر پریس کلب سے کراچی وزیراعلیٰ ہاؤس تک لانگ مارچ کریں گے اور وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے جس میں سندھ بھر سے ہزاروں لوگ شرکت کریں گے، جب تک ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، ہم سے حکومت سندھ کے وزراء نے ملاقاتیں کی تھیں اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا پیغام دیا تھا کہ ہم جلد ایف آئی آر واپس لیں گے لیکن اب تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا، 5 فروری یوم کشمیر ہے لہذا ہم نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے سندھ بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف پور امن احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس میں مودی کے پتلے نذر آتش کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 913713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش