0
Tuesday 2 Feb 2021 23:48

مہنگائی اور کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، تبدیلی کا دعوی فراڈ، حکومت کسی بھی وقت گر جائے گی، جاوید ہاشمی

مہنگائی اور کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، تبدیلی کا دعوی فراڈ، حکومت کسی بھی وقت گر جائے گی، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں ہے یہ تو کسی بھی وقت خود ہی گر جائیگی، عمران خان ہر کرپٹ آدمی کے خود وکیل ہیں، مشرف دور میں بنائی گئی براڈشیٹ سب کے سامنے فراڈ شیٹ بن کر آچکی ہے، حکومتی وظیفہ پر پلنے والے شہزاد اکبر نے جھوٹ بولنے کی پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔ میرے اور میرے بھتیجے زاہد بہار سے ایک انچ زمین کی ریکوری نہیں ہوئی، میں ان سمیت ان کے تمام حواریوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ میڈیا کے سامنے خود آئیں اور میرے قبضہ سے واگزار شدہ اراضی دکھائیں، اگر وہ ایسا کر دکھائیں تو میں سیاست ہی چھوڑ دوں گا، حکومتی غیرمنتخب افراد کی موجیں لگی ہیں، جس کی مرضی جتنا بڑا جھوٹ بولے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ اس لئے ان جھوٹ بولنے والوں کے بنک اکاونٹ بھرے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر روزانہ مسلسل ٹی وی پر آکر جھوٹ ہی بولتا رہتا ہے، ان کے جھوٹ کی وجہ سے عوام اب اسے جھوٹ بولنے والی مشین کا لقب دے چکے ہیں، تین سال میں اس نے جھوٹ بولنے کی پی ایچ ڈی بھی مکمل کر لی ہے، میرے اور میرے خاندان سے متعلق دو روز قبل شہزاد اکبر نے پھر جھوٹ اور بہتان لگایا ہے میں نے اپنی زندگی میں زمین بنائی نہیں ہے بلکہ زمین بیچ کر میں نے اس سیاست کو چلایا ہے۔ پھر میں یا میرے خاندان نے کس زمین پر قبضہ کیا اور اگر قبضہ کیا تو پھر وہ قبضہ کب اور کس نے واگزار کرایا ہے۔ یہ سب جھوٹ اور غلط بیانی ہے۔ سب کے سامنے کھلا چیلنج کرتا ہوں کہ ایک انچ زمین کا قبضہ ثابت کر دیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی والدہ کے نام پر بنائے گئے ہسپتال میں بھی فراڈ کیا، اسی پیسہ سے جوا بھی کھیلا اور پھر اسی پیسہ سے بنی گالہ کا محل بھی بنا لیا، اب وہ وزیراعظم بن کر پوری قوم سے بھی دھوکہ دہی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو پرویز مشرف دور میں بنایا گیا اور اس کا مقصد سیاسی انتقام لینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو مہنگائی میں ڈبو دیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، غریب آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 913952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش