0
Saturday 13 Aug 2011 20:06

حکومت خیبر پختونخوا کا امسال یوم آزادی 14 اگست کو قومی جذبے اور جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ

حکومت خیبر پختونخوا کا امسال یوم آزادی 14 اگست کو قومی جذبے اور جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ
پشاور:اسلام ٹائمز۔ حکومت خیبر پختونخوا نے امسال یوم آزادی 14 اگست کو صوبہ بھر میں مختلف قسم کے پروگراموں اور تقاریب کے انعقاد کے ذریعے قومی جذبے اور جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دن صوبہ بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز یوم آزادی کے موقع پر علی الصبح 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی اور صوبے کی تمام بڑی سرکاری اور نجی عمارتوں پر صبح 9 بجے قومی پرچم لہرا دیا جائے گا۔ مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں شکرانے کے نوافل ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سلامتی کی دعائیں کی جائیں گی۔ جبکہ صوبہ بھر کے یتیم خانوں اور دارالامان میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو خصوصی کھانے فراہم کئے جائیں گے۔ حکومت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق گورنر اور وزیر اعلیٰ صوبے میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کریں گے اور پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ اس موقع پر پرنٹ میڈیا اپنے خصوصی ایڈیشنز کے ذریعے تحریک پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرے گی اور الیکٹرانک میڈیا یوم آزادی سے متعلق خصوصی رپورٹس ٹیلی کاسٹ کرے گی۔
صوبہ بھرکے مختلف عوامی حلقوں اور پرائیویٹ اداروں میں تحریک پاکستان کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد اور تاریخی دستاویزات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کے زیر اہتمام قرات تقاریر اور مضمون نویسی کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات اور عام لوگوں کے لئے تحریک پاکستان کے حوالے سے دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ پشاور میں ثقافتی مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تحریک آزادی کے دوران مسلمانوں کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ یوم آزادی کو بھر پور طریقے سے منانے کے لئے سرکاری انتظامیہ سمیت تمام ذمہ دار و بااختیار حلقوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یوم آزادی سے متعلق تمام پروگراموں میں عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں اور عوام کو ان پروگراموں میں با آسانی شرکت کے لئے سہولیات بہم پہنچائیں۔
خبر کا کوڈ : 91412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش