0
Wednesday 3 Feb 2021 18:18

خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیساتھ جڑا ہوا ہے، جماعت اسلامی

خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیساتھ جڑا ہوا ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنری سیکریٹری کاشف سعید شیخ کا کہنا ہے کہ گذشتہ 74 سالوں سے جنت نظیر وادی کشمیر میں بھارتی فوج کی مظالم پر عالمی طاقتوں و انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی اور مسلم امت کی بے حسی لمحہ فکریہ ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو نقشے میں شامل کرنے اور سڑک کا نام سرینگر شاہراہ رکھنے کے علاوہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے اور حق خودارادیت دلوانے کیلئے کوئی قابل قدر کام نہیں ہوا، امن کا راگ الاپنے والے حکمران اور عسکری قیادت کو یاد رکھنا چاہئے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ساتھ جڑا ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاڑکانہ کے تحت مسئلہ کشمیر سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب قیم مولانا حزب اللہ جکھرو، ضلعی امیر قاری زبیر، مقامی امیر حفیظ الرحمان آرائیں سمیت دیگر سیاسی، سماجی، دینی اور تاجر تنظیموں کے نمائندے بھی شریک تھے۔ کل جماعتی کانفرنس میں اتفاق و عزم کا اظہار کیا گیا کہ پانچ فروری کو مشترکہ طور پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ 5 فروری کا دن سب سے پہلے جماعت اسلامی کے سابق امیر مرحوم قاضی حسین احمد نے انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنا کر منایا تھا، عوام کی بھرپور شرکت اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ بے پناہ محبت کی بدولت آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر سرکاری طور پر منایا جاتا ہے، جو جماعت اسلامی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جماعت اسلامی اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی، موجودہ حکمران عمران خان نے مودی کی دوسری بار منتخب ہونے کی صورت میں مسئلہ کشمیر حل ہونے کی نوید سنائی تھی، لیکن مودی نے دوسری مدت کیلئے اقتدار میں آتے ہی سب سے پہلے کشمیری کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ اور گذشتہ 546 دنوں سے جنت نظیر وادی کشمیر میں کرفیو اور سخت لاک ڈاﺅن نافذ کر رکھا ہے، جس کے باعث عام کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

اے پی سی کے شرکاء نے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سفارتی سطح پر مؤثر ٹیم بنا کر دنیا بھر کے ممالک خصوصاً مسلم ممالک میں کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر اور بھارتی امن دشمنی کو بے نقاب کیا جائے، جبکہ کشمیر کی آزادی کیلئے عسکری آپشن کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے بھرپور اور مؤثر کوشش کی جائے، کیونکہ کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ نامکمل پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، اگر کشمیری مایوس ہوگئے تو موجودہ پاکستان کو شدید خطرات لاحق ہونگے، جن کا مداوا کرنا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 914122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش