QR CodeQR Code

 عمران خان عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، رئوف خان ساسولی 

4 Feb 2021 23:54

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان  اگر خود سے اقتدار کی قربانی دے دیں اور نئے الیکشن کی طرف چلے جائیں تو اور بات ہے لیکن حزب اختلاف کی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ چھپن چھپائی کا کھیل کھیل رہی ہیں، جس کو بھی اس کھیل میں موقع ملا تو وہ بائی پاس کے راستے اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمہوری وطن پارٹی کے سابق مرکزی سیکریٹری جنرل و سینئر بلوچ رہنما روف خان ساسولی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف تنقید برائے تنقید کے عمل سے بالاتر ہو کر تنقید برائے اصلاح کرے سینیٹ کے طرز انتخاب پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے خدشات تھے لیکن اب اوپن انتخاب پر اعتراض نہیں ہونا چاہیئے تاکہ لوٹوں اور بکاو ضمیر فروشوں کا سرعام پتہ چل جائے، ایسی صورتحال میں اختلاف رائے رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے، عمران خان خود کرپشن سے پاک ہیں لیکن اردگرد کرپٹ مافیا کا جو لشکر موجود ہے وہ اس پر بھی نگاہ رکھیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لئے عالمی اداروں کو انسانیت کے ناطے اپنی ذمہ داری کو حقیقی معنوں میں ادا کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے کی گئی ملاقات میں کیا۔ روف خان ساسولی نے مزید کہا کہ عمران خان ویسے بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اگر وہ خود سے اقتدار کی قربانی دے دیں اور نئے الیکشن کی طرف چلے جائیں تو اور بات ہے، لیکن حزب اختلاف کی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ چھپن چھپائی کا کھیل کھیل رہی ہیں جس کو بھی اس کھیل میں موقع ملا تو وہ بائی پاس کے راستے اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہوس اقتدار کے معاملے پر تمام جماعتیں ایک دوسرے سے اختلاف رائے رکھتی ہیں لیکن کرپشن میں سب کے سب ڈوبے ہوئے ہیں، کئی مالیاتی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبران بھی حزب اختلاف کے اگر رشتہ دار ہیں تو حزب اقتدار کے بھی رشتہ دار ہیں، تیل کے بحران میں حزب اقتدار نے تو حد کردی ہے حکومت کی اپنی بنائی ہوئی کمیٹی نے نجی کمپنیوں کی تیل بحران میں ملوث ہونے کے اشارے دیئے لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف کاروائی نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ پی ایس او کے تین سابق ایم ڈی تین نجی کمپنیوں کے مالک بنے بیٹھے ہیں ان سے پوچھا جائے کہ ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟۔ گذشتہ 15سالوں سے تیل کی خریدو فروخت کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہیئے کہ تیل کی مد میں گڑ بڑ کیسے ہوئی اور قومی خزانے کو تیل کی مد میں اتنا بڑا نقصان کیوں پہنچایا گیا تاہم چند افسران کے خلاف کاروائی ہوئی مگر وہ کاروائی بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی، کرپٹ مافیا کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹنا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 914376

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/914376/عمران-خان-عوام-کے-مسائل-حل-کرنے-میں-بری-طرح-ناکام-ہو-چکے-ہیں-رئوف-ساسولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org