QR CodeQR Code

شام کے جنوبی علاقوں پر صیہونی طیاروں کا وسیع حملہ

4 Feb 2021 10:31

شامی دفاع کیجانب سے جاری ہونیوالی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کیجانب سے ہوا سے زمین اور زمین سے زمین پر مار کرنیوالے میزائلوں کیساتھ، مقامی وقت کیمطابق رات 10:42 پر گولان ہائیٹس کیجانب سے شام کے جنوبی علاقوں پر حملہ شروع کر دیا گیا جبکہ ملکی ہوائی دفاعی سسٹمز نے دشمن کے تمام حملوں کو یکے بعد دیگرے ناکام بنا دیا۔


اسلام ٹائمز۔ شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق آج علی الصبح اسرائیلی طیاروں نے شام کے جنوب میں واقع قنیطرہ نامی علاقے پر حملہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شامی فوج کے ہوائی دفاعی سسٹمز نے صیہونی طیاروں کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔ دوسری طرف مقامی نیوز چینل "حلب ٹوڈے" کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے دمشق کے جنوب مغرب میں واقع فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔



دوسری طرف صیہونی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ شام کے جنوبی علاقوں پر ہونے والے اسرائیلی حملے کا مقصد دمشق کی بین الاقوامی ایئرپورٹ کے ساتھ ساتھ شام میں واقع گولان ہائیٹس میں موجود اہداف کو نشانہ بنانا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دارالحکومت دمشق کے گردونواح میں متعدد دھماکے سنے گئے ہیں جو دراصل ملکی ہوائی دفاع کی جانب سے حملہ آور میزائلوں کو ہوا میں تباہ کرنے کے باعث وقوع پذیر ہوئے تھے جبکہ حملہ آور صیہونی میزائلوں میں سے متعدد کو قنیطرہ کی ہوائی حدود میں تباہ کیا گیا ہے۔ سعودی نیوز چینل العربیہ نے اس حوالے سے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے دمشق کے جنوب میں ساکن شامی فوج کے فرسٹ ڈویژن اور صحنایا نامی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔


اس حوالے سے سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے کے باعث دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع "الہامۃ" تحقیقاتی مرکز کے الارم بھی بج اٹھے تھے جبکہ شامی دفاع کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے ہوا سے زمین اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ساتھ، مقامی وقت کے مطابق رات 10:42 پر گولان ہائیٹس کی جانب سے شام کے جنوبی علاقوں پر حملہ شروع کر دیا گیا جبکہ ملکی ہوائی دفاعی سسٹمز نے دشمن کے تمام حملوں کو یکے بعد دیگرے ناکام بنا دیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ صیہونی حملہ کسی قدر مالی نقصان کا باعث بنا ہے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ شام پر 2 ہفتے قبل ہونے والے اسرائیلی حملوں میں ماں، باپ اور 2 بچوں پر مشتمل ایک مکمل خاندان شہید جبکہ انہی کے چند ایک رشتہ دار زخمی بھی ہو گئے تھے۔




خبر کا کوڈ: 914395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/914395/شام-کے-جنوبی-علاقوں-پر-صیہونی-طیاروں-کا-وسیع-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org