0
Friday 5 Feb 2021 03:27

یوم یکجہتی کشمیر پر ایم ڈبلیو ایم سندھ کے تحت اے پی سی، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی شرکت

یوم یکجہتی کشمیر پر ایم ڈبلیو ایم سندھ کے تحت اے پی سی، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ شعبہ سیاسات کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شریک جماعتوں نے کشمیر کا مسئلہ عالمی عدالت میں اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کراچی پریس کلب میں منعقدہ اے پی سی میں شامل سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حکومت سے کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کرنے، اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظمیوں سے کشمیریوں پر جاری بھارتی جارحیت اور فوجی مظالم کا نوٹس لینے اور کشمیر کی آزادی تک وہاں کے شہریوں کی حمایت جاری رکھنے کے مطالبات پر مبنی قراردادیں منظور کیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی اور علی حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی حمایت کے لئے سفارتی اور دیگر فورمز پر ضروری کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں کشمیر کے اندر رہنے والوں کو مضبوط کرنا ہوگا، آج بھی کشمیری اپنے شہیدوں کو پاکستانی پرچم میں دفن کرتے ہیں یعنی وہ آج خود کو پاکستان کہتے ہیں کہ وہ بھارتی تسلط میں ہونے کے باوجود پاکستانی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی لیڈر برائے سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک بھارت کو چین کا سانس لینے نہیں دیں گے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کی حمایت میں بھارت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا لائحہ عمل واضح کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ برس پانچ فروری کے علاوہ یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما سردار عبدالرحیم نے کہا کہ بھارت کو کشمیری مظالم پر اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کے لئے ملک معاشی ترقی دینا ہوگی۔ سابق ڈپٹی میئر کراچی اور پی ایس پی کے رہنما ڈاکٹر ارشدہ وہرہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے لیکن عالمی اداروں کے لئے یہ مسئلہ اہم نہیں ہے جبکہ اسلامی ممالک کی ترجیح بن گئی ہے، اس سلسلے کشمیریوں کی اپنی قربانیاں رنگ لارہی ہیں، اور بھارت اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔

متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما جاوید حنیف نے کہا کہ ہم اس پلیٹ فارم سے کشمیر پر بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں، کشمیر میں ساڑھے سات بھارتی فوجیوں نے آٹھ کروڑ کشمیریوں کو محصور کیا ہے پھر بھی کشمیری اپنے حقوق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں جو ان کی ثابت قدمی کا مظہر ہے، ہم نے کشمیر کے لئے تین جنگیں لڑیں، کشمیر کے مسئلے پر پاکستان گوشہ نشین ہوچکا ہے، بھارت ایک بڑی معیشت ہے اور اس کی جمہوریت میں بہت لچک ہے، کشمیر کی جدوجہد کشمیریوں کے ذریعے ہوگی۔ کانفرنس سے آل پاکستان سنی تحریک کے رہنما مطلوب اعوان قادری، عوامی تحریک کے راؤ کامران، مجلس ذاکرین امامیہ کے علامہ نثار قلندری، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ مبشر حسن، علامہ اظہر نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 914402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش