0
Friday 5 Feb 2021 22:06

پی ڈی ایم قیادت مذاکرات کرے وگرنہ دو ماہ میں سیاست ختم ہو جائیگی، شیخ رشید

پی ڈی ایم قیادت مذاکرات کرے وگرنہ دو ماہ میں سیاست ختم ہو جائیگی، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کو بات چیت کی دعوت دیتا ہوں، مذاکرات کرو ورنہ دو ماہ میں سیاست ختم ہو جائے گی۔ لال حویلی میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کوشش ہے ملک کو مسائل سے نجات دلائی جائے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا حامی ہوں تنخواہوں میں اضافہ کریں گے، چند ارب سرکاری ملازمین لے گئے تو قیامت نہیں آجائے گے، تسلیم کرتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے، لیکن یہ مہنگائی چوروں اور ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی وجہ سے ہے، اربوں روپے لوٹ کر باہر بھیجنے والے ڈٹ کر عمران خان کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم استعفے نہیں دے گی بلکہ سینیٹ کا الیکشن لڑے گی، جس اسمبلی پر مولانا فضل الرحمان نے لعنت بھیجی تھی اب اسی میں اپنے ممبران کے لئے ووٹ لینے جائیں گے، جو نیا سینیٹر بنے گا کیا پی ڈی ایم اسے کہے گی استعفی دو، فضل الرحمان بچوں کے گھیرے میں آگئے ہیں، فضل الرحمان نے کہا پنڈی آئیں گے کہا آؤ چا پلاساں مگر بھاگ گئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم سے بہت بڑی غلطی ہوئی پی ڈی ایم کو ملتان قاسم باغ میں جلسے کی اجازت دینی چاہیے تھی، ہم نے بھی 126 دن دھرنا دیا تھا، میں روز کہتا تھا کہ عمران دھرنا ختم کرو اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، دھرنا بہت مشکل کام ہے، پی ڈی ایم بھی چار ماہ سے منفی سیاست اور قوم کا وقت ضائع کررہی ہے، یہ بند گلی میں داخل ہوچکے، بالاخر انہیں مذاکرات ہی کرنے پڑیں گے، پی ڈی ایم کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں اسی میں ان کی بھلائی ہے، مذاکرات کرو وگرنہ دو ماہ میں سیاست ختم ہو جائے گی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) صرف مریم بی بی کو باہر بھجوانا چاہتی ہے، مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت مل جائے تو مسلم لیگ (ن) کی سیاست اور پی ڈی ایم ختم ہو سکتی ہے، یہ میری پندرہویں وزارت ہے، سب سے زیادہ میں نے جیلیں کاٹیں لیکن میں نے چیخیں نہیں ماریں، جب یہ جیلوں میں جاتے ہیں تو ان کی طبیعت خراب ہوجاتی ہے، لیڈر بھگوڑا نہیں ہوتا، جیل لیڈر کی محبوبہ اور سسرال ہوتا ہے، سی کلاس جیل میں رہنا بھی لیڈر کی شان ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ (ن) لیگ نے ساری زندگی پیپلزپارٹی کے خلاف ووٹ لئے، مریم نواز سے کہتا ہوں کہ عوام کو ٹینشن نہ دیں، 26 مارچ کے بجائے 26 فروری کو اسلام آباد آجائیں، بڑے شوق سے لانگ مارچ کو آئیں، پوری کوشش ہے کہ پی ڈی ایم کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالیں، لیکن اگر پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو سخت ایکشن ہوگا، وہ سلوک کروں گا تاریخ یاد رکھے گی، دینی طاقتوں کو حکومت کے خلاف استعمال نہیں ہونے دوں گا، وفا کرو گے وفا کریں گے جفاکرو گے جفا کریں گے، اسمبلی میں کل جو ہوا اس پر شرم آتی ہے، کیا اپوزیشن ملک میں سیاسی انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کتنے بڑے گرو نکلے ان کی ضمانت کنفرم ہوگئی ہے، ان کے کیس کراچی جائیں گے تو ان کے خلاف کون گواہی دے گا، پیپلز پارٹی اور فضل الرحمان اپنا راستہ کھلی گلی میں لے آئے ہیں، (ن) لیگ والوں کو بیچ چوراہے چھوڑ رہے ہیں اور انہیں بند گلی داخل کردیا گیا، اپوزیشن کو پانامہ قبول نہیں تھا اب براڈ شیٹ پسند نہیں، جسٹس ریٹائرڈ عظمت شیخ پاکستان کے عظیم جج ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ لال حویلی سے براہ راست سری نگر پیغام دینا چاہتا ہوں. لال حویلی سے لال چوک کا رشتہ مودی کو پتا ہے، لال حویلی مشکل وقت میں جنرل باجوہ کے ساتھ مل کر ملکی دفاع میں کردار ادا کرے گی، پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک اور کشمیر کا دفاع کریں گے، کشمیر کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، راولپنڈی غیرت مندوں کا شہر کشمیریوں کے لیے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 914525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش