QR CodeQR Code

جمہوریت، کشمیریت، انسانیت کا نظریہ کہاں گیا، دفعہ 370 کی منسوخی کے فیصلے پر دگ وجے سنگھ کا سوال

6 Feb 2021 20:47

کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی سے جب مسئلہ کشمیر کا حل پوچھا گیا تھا تو انکا کہنا تھا کہ اس حل کا جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت ہے لیکن جب دفعہ 370 کو منسوخ کیا گیا تب نہ جمہوریت، نہ کشمیریت اور نہ ہی انسانیت نظر آئی۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے مقبوضہ کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کے فیصلے پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی کا ’’جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت‘‘ کا اصول کہاں گیا۔ انہوں نے کہا کہ جن کشمیری سیاسی لیڈروں نے ہمیشہ بھارت کا ساتھ دیا، اُن کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رُکن پارلیمان دگ وجے سنگھ نے پارلیمنٹ میں مودی حکومت کی نکتہ جینی کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 کو منسوخ کرنا بی جے پی کے ایجنڈے میں تھا اور انہوں نے اسے منسوخ کر ہی دیا۔ دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی سے جب مسئلہ کشمیر کا حل پوچھا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ اس حل کا جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت ہے لیکن جب دفعہ 370 کو منسوخ کیا گیا تب نہ جمہوریت، نہ کشمیریت اور نہ ہی انسانیت نظر آئی۔

دگ وجے سنگھ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا کشمیر میں عسکریت پسندی کا خاتمہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بھی عسکریت پسندی کا خاتمہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اعداد و شمار دیکھیں تو کہیں زیادہ عسکریت پسند اور بھارتی فورسز کے اہلکار تصادم کے دوران یا دیگر واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے کہا کہ وادی کشمیر کے سیاسی رہنما جنہوں نے بھارت کے ساتھ کئی انتخابات میں حصہ لیا اور حکومتیں بنائیں لیکن بھارتی حکومت نے ان کے ساتھ کیا کیا۔ بھارت نے انہیں قید کردیا۔ کیا یہی جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت ہے۔


خبر کا کوڈ: 914719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/914719/جمہوریت-کشمیریت-انسانیت-کا-نظریہ-کہاں-گیا-دفعہ-370-کی-منسوخی-کے-فیصلے-پر-دگ-وجے-سنگھ-سوال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org