0
Sunday 7 Feb 2021 19:52

مولانا عطاء المہیمن بخاری کی نماز جنازہ ادا، ملتان میں سپرد خاک

مولانا عطاء المہیمن بخاری کی نماز جنازہ ادا، ملتان میں سپرد خاک
اسلام ٹائمز۔ تحریک ختم نبوت کے ممتاز رہنما اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ مولانا عطاء المہیمن بخاری کی نماز جنازہ قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کے سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی، جو ان کے فرزند مولانا سید عطاء المنان بخاری نے پڑھائی۔ جس کے بعد آہوں اور سسکیوں کیساتھ ان کو جلال باقری قبرستان میں مرحوم کے بھائی مولانا سید عطاء المومن بخاری کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ملک بھر سے ہزاروں افراد، مرحوم کے عقیدتمندوں اور احرار و ختم نبوت کے کارکنوں کے علاوہ ممتاز دینی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں خانقاہ سراجیہ کے سجادہ نشین خواجہ خلیل احمد، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر مولانا پیر حافظ محمد ناصر الدین خان خاکوانی، مولانا اللہ وسایا، کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کے کنوینر مولانا عبدالروف فاروقی سمیت بہت بڑی تعداد میں ممتاز دینی شخصیات نے شرکت کی۔

نماز جنازہ سے قبل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا عبدالروف فاروقی، مولانا اللہ وسایا، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، قاضی محمد ارشد الحسینی اور دیگر نے تعزیتی خطاب کرتے ہوئے قائد احرار مولانا سید عطاء المہیمن بخاری کی دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے والد گرامی اور اکابر احرار کی طرح جرأت و استقامت کیساتھ جو بے داغ کردار ادا کیا اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ فرزندانِ امیر شریعت نے تحریک ختم نبوت کو پروان چڑھایا اور اپنے نہ جھکنے والے اسلوب کو اگلی نسلوں تک منتقل کیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ سید عطاء المہیمن بخاری نے تحفظ ختم نبوت کیلئے پچاس سال سے زائد تک قربانیاں دیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ربوہ میں پہلے عالمی اسلامی تبلیغی مرکز کو قائم کیا جس کی بہاریں چار سُو پھیل چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 914877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش