0
Monday 8 Feb 2021 11:33

نیب سمیت کسی کا باپ بھی میرا احتساب نہیں کر سکتا، مولانا فضل الرحمان

نیب سمیت کسی کا باپ بھی میرا احتساب نہیں کر سکتا، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نیب سمیت کسی کا باپ بھی ان کا احتساب نہیں کر سکتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد آکر بیٹھیں گے اور وہاں دھرنا ہوگا، ایسا نہیں کہ آئے اور چلے جائیں گے، ہم بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ سمیت سب اپوزیشن جماعتیں دھرنے پرمتفق ہیں، دھرنے کے بعد آئندہ کے اقدامات کی حکمت عملی بنائیں گے۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ نیب سمیت کسی کا باپ بھی میرا احتساب نہیں کر سکتا، سن 88 سے پارلیمنٹ میں ہوں، آج تک اسلام آباد میں ایک جھونپڑی بھی نہیں بنا سکا۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہم اداروں کے لیے ہمیشہ ڈھال بنے ہیں، ہمیں ضرورت نہیں کہ کسی سے خفیہ مذاکرات کریں، میری یا پی ڈی ایم کی کسی سے خفیہ بات چیت نہیں ہو رہی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نیب پرویز مشرف کا بنایا ہوا ادارہ ہے جو سیاستدانوں کو نشانہ بنانے کیلئے بنایا گیا، پہلے دن سے میرا موقف ہے کوئی سیاستدان نیب کے سامنے پیش نہ ہو، ن لیگ اور پی ٹی آئی حکومتوں میں مجھ پر الزامات لگے مقدمات کیوں نہیں بنائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور میں میرے خلاف الزامات بنائے گئے، خفیہ ادارے اس میں ناکام ہوئے اور انہوں نے مجھ سے معافی مانگی، مجھ سے اس جملے کہ ساتھ معذرت کی جاتی ہے کہ ہم متعلقہ شعبوں کو ہدایات دیدیں گے آئندہ آپ کے ساتھ ایسا نہیں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں تو سامنے لائی جائیں ورنہ مجھے اجاز ت دیں جس جائیداد کی نشاندہی دی اس پر میں اپنا قبضہ کروں، میرے دوست میرے لیے کوئی انتظام کرلیتے ہیں تو کیا اسے کرپشن کہیں گے۔ چک شہزاد میں میری جتنی جائیداد بتائی جاتی ہے اس حساب سے پورا چک شہزاد میرا ہوجاتا ہے، 1988ء سے پارلیمنٹ میں ہوں آج تک اسلام آباد میں جھونپڑی نہیں بناسکا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک پاکدامن سیاستدان ہے اس کے دامن کو انہیں ضرور گدلا کرنا ہے۔ میں نے قسم کھائی ہے ان کے دامن کو گدلا کروں گا، نیب سمیت کسی کا باپ بھی میرا احتساب نہیں کرسکتا،میں پوری جرأت کے ساتھ ان سے لڑوں گا، یہ سیٹوں پر بیٹھ کر اتنے خرمست ہوگئے کہ ایک سیاستدان کو بے عزت کریں، کون ہوتے ہیں یہ لوگ؟ کیا یہ لوگ مجھ سے زیادہ عزت والے ہیں؟۔
خبر کا کوڈ : 914980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش