QR CodeQR Code

حکومت نے 5 نئے وفاق المدارس کے قیام کی منظوری دیدی

جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا ’’مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت‘‘ بورڈ بھی منظور

10 Feb 2021 18:12

وفاقی حکومت کیجانب سے اتحاد مدارس العربیہ پاکستان (دیوبند) کو بورڈ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ اتحاد مدارس الاسلامیہ پاکستان (اہلحدیث)، نظام المدارس پاکستان (بریلوی منہاج القران)، مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت (اہل تشیع) اور وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان (بریلوی) کو بورڈ کا درجہ دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے ’’مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت‘‘ بورڈ سمیت پانچ نئے وفاق المدارس کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ وزارت تعلیم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری کے بعد 5 نئے وفاق المدارس کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے ہونیوالی تقریب میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے ذمہ دار علمائے کرام میں بورڈ کی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت مختلف مسالک کے 70 علماء موجود تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ نئے بورڈ کے قیام سے دینی تعلیم کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دینی مدارس کے نصاب سمیت کسی معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے مدارس کے بورڈز کیلئے 16 رجسٹرڈ دفاتر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اتحاد مدارس العربیہ پاکستان (دیوبند)  کو بورڈ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اتحاد مدارس الاسلامیہ پاکستان  (اہلحدیث)، نظام المدارس پاکستان (بریلوی منہاج القران)، مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت (اہل تشیع) اور وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان (بریلوی) کو بورڈ کا درجہ دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، وفاق المدارس سلفیہ، وفاق المدارس عربیہ، تنظیم المدارس، المدارس الاسلامیہ پاکستان تھے۔ ان مدارس کے علاوہ جماعت اسلامی، دارالعلوم کراچی، اقرا روضۃ الاطفال، مدینہ اطفال، اقراء حدیقہ اطفال اور دعوت اسلامی کے تحت بھی بہت سے دینی تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں۔ لال مسجد سے تعلق رکھنے والے جامعہ حفصہ سے ملحق 16 مدارس کا وفاق المدارس سے الحاق منسوخ کیا جا چکا ہے۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے ’’مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت‘‘ بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان میں اہل تشیع کے دو وفاق ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان ہی دینی مدارس کا نظام سنبھالے ہوئے تھا۔


خبر کا کوڈ: 915454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/915454/حکومت-نے-5-نئے-وفاق-المدارس-کے-قیام-کی-منظوری-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org