QR CodeQR Code

چین، بھارت متنازع ہمالیائی جھیل سے فوجیوں کی واپسی پر متفق

11 Feb 2021 13:49

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ چین کے ساتھ ہماری مستقل بات چیت کے نتیجے میں پینگونگ جھیل کے شمالی اور جنوبی کنارے پر مشغولیت ختم کرنے پر معاہدہ ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر دفاع نے متنازع سرحد پر ایک ماہ کے طویل ڈیڈلاک کے بعد ایک پیش رفت میں کہا ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان مغربی ہمالیہ میں واقع جھیل کے علاقے سے فوجیوں کو واپس بلانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ یہ معاہدہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے فوجی کمانڈروں اور سفارتکاروں سے بات چیت کے متعدد ادوار کے بعد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا چین کے ساتھ ہماری مستقل بات چیت کے نتیجے میں پینگونگ جھیل کے شمالی اور جنوبی کنارے پر مشغولیت ختم کرنے پر معاہدہ ہوا ہے۔ چین کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی فرنٹ لائن فوج نے جھیل کے ساحل سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا آغاز گزشتہ سال اپریل میں اس وقت ہوا جب بھارت نے کہا تھا کہ چینی فوج مغربی ہمالیہ میں لداخ کے علاقے میں واقع لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) یا ڈی فیکٹو سرحد میں گھس گئی ہے۔ چین نے کہا کہ اس کی فوجیں اپنے ہی علاقے میں کام کر رہی ہیں اور انہوں نے بھارتی سرحدی محافظوں پر اشتعال انگیز کارروائیوں کا الزام عائد کیا تھا۔ گزشتہ سال جون میں دونوں فریقین کا لوہے کی راڈ اور پتھروں سے وادی گلوان میں تصادم دیکھا گیا تھا جس کے نتیجے میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے جو 45 سالوں بعد اس سرحد پر پہلا جنگی نقصان تھا۔ اس تصادم میں چین کو بھی نامعلوم تعداد میں ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا۔


خبر کا کوڈ: 915613

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/915613/چین-بھارت-متنازع-ہمالیائی-جھیل-سے-فوجیوں-کی-واپسی-پر-متفق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org