QR CodeQR Code

اگر وزیراعظم یوٹرن لیتے ہیں تو پی ڈی ایم نے بھی استعفوں اور سینیٹ الیکشن سے متعلق اعلانات پر وہی کیا ہے، سراج الحق 

12 Feb 2021 01:29

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ بارہا کہہ چکا ہوں کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست میں کوئی فرق نہیں، پی ٹی آئی کے دور میں بھی اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کا وہی کلچر جاری ہے جو پی پی، نون لیگ کے دور میں ہوتا رہا، ہم سمجھتے ہیں کہ تینوں پارٹیوں کی سیاست میں فرق سمجھنا دانشمندی نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کے ویڈیو سکینڈل کے بعد سب سے اہم سوال یہ کھڑا ہو گیا ہے کہ جو لوگ خود بک جاتے ہیں وہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیسے کریں گے۔ جماعت اسلامی کا شروع دن سے موقف ہے کہ نوٹوں، لوٹوں، بوٹوں اور جھوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ بارہا کہہ چکا ہوں کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست میں کوئی فرق نہیں، پی ٹی آئی کے دور میں بھی اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کا وہی کلچر جاری ہے جو پی پی، نون لیگ کے دور میں ہوتا رہا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تینوں پارٹیوں کی سیاست میں فرق سمجھنا دانشمندی نہیں، اگر وزیراعظم یوٹرن لیتے ہیں تو پی ڈی ایم نے بھی استعفوں اور سینیٹ الیکشن سے متعلق اعلانات پر وہی کیا ہے، پھر کہتا ہوں کہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار طبقہ صرف لوٹ اور جھوٹ کے زور پر قوم پر مسلط ہے، ملک کا نظریاتی تشخص خطرے میں ہے، معاشرے کی بنیادی اکائی خاندان کو تباہ کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں، جماعت اسلامی 11 فروری سے 11 مارچ تک پورے ملک میں بھرپور طریقے سے  استحکام خاندان مہم چلائے گی، خواتین کو وراثت میں حق ملنا چاہیے، جہیز کی لعنت سے چھٹکارا چاہتے ہیں، ریاست خواتین کو ورک پلیس پر تحفظ فراہم کرنے کے قوانین کا اطلاق کروائے، جماعت اسلامی 14 فروری کو ملک بھر میں یوم حیا منائے گی، ویلنٹائن ڈے کا کلچر اسلامی تہذیب و تمدن پر حملہ ہے، نوجوان نسل اس کا بائیکاٹ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امیر راشد نسیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر حمیرا طارق، ثمینہ سعید، ربیعہ طارق، زبیدہ جبیں، عافیہ سرور اور شازیہ عبدالقادر سمیت دیگر نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 915730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/915730/اگر-وزیراعظم-یوٹرن-لیتے-ہیں-پی-ڈی-ایم-نے-بھی-استعفوں-اور-سینیٹ-الیکشن-سے-متعلق-اعلانات-پر-وہی-کیا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org