0
Friday 12 Feb 2021 14:24

انقلاب اسلامی دنیا بھر کے ستم رسیدہ مظلوم و محروم انسانوں کیلئے ڈھارس ہے، محترمہ زہراء نقوی

انقلاب اسلامی دنیا بھر کے ستم رسیدہ مظلوم و محروم انسانوں کیلئے ڈھارس ہے، محترمہ زہراء نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے انقلاب اسلامی ایران کی بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس خدائی معجزے اور عظیم انقلاب اسلامی کے مبارک ثمرات کا دنیا نے مشاہدہ کیا ہے، عالمی استعمار نے مسلمانوں کی باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں رکھنے اور ان کے تشخص کو مٹانے کے لیے دین سے سیاست کی جدائی کا نعرہ لگایا اور اس ناپاک سازش کے ذریعے اسلامی معاشروں کے نظریاتی، ثقافتی، دینی اور قومی امور پر تسلط پیدا کرنے میں کامیاب ہوگئی، لیکن امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے الہیٰ قیام کے ساتھ نہ صرف غاصب اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا، بلکہ اسلامی اصولوں کی بنیاد پر الہیٰ حاکمیت کے قیام کی خاطر ولایت فقیہ کا نظام تشکیل دے کر ایک دینی سیاسی قیادت کا بے مثال نمونہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا خمینی بت شکن نے ایرانی قوم میں دینی اور سیاسی شعور پیدا کیا اور اڑھائی ہزار سالہ پرانی شہنشاہیت پر مبنی آمریت کا خاتمہ کیا۔

ان کا کہنا تھا امام خمینی نے عالمی سامراج کی تمام تر ناپاک سازشوں کا قلع قمع کیا۔ آپؒ نے اتحاد بین المسلمین کا نعرہ بلند کیا اور مسلمانان عالم میں وحدت کی روح پھونک دی اور انھیں یہ پیغام دیا کہ مسلکی اختلاف سے بالا تر ہو کر ظالم اور غاصب حکمرانوں کے خلاف متحد ہو کر ڈٹ جاو، تاکہ خدا کے اذن اور ارادے سے مستکبرین پر مستضعفین اور باطل پر حق کو غلبہ عطا ہو۔انہوں نے کہا یہ انقلاب اسلامی فقط ایران تک محدود نہیں، بلکہ دنیا بھر کے کمزور، ستم رسیدہ مظلوم و محروم انسانوں کے لیے ڈھارس ہے، یہ خط امام خمینی ہے، جس پر چلتے ہوئے فلسطین و کشمیر کے مظلومین آزادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا آج رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی بے باک قیادت میں انقلاب اسلامی کا یہ سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے، جسکی عزت و سربلندی میں اضافہ جبکہ دشمن ذلیل و رسوا ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 915805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش