0
Friday 12 Feb 2021 18:30

لاہور، کل مسالک علماء و مشائخ کی ایرانی قونصلیٹ آمد، انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی

انقلاب اسلامی توکل علی اللہ، دور اندیش قیادت اور ایرانی قوم کے اتحاد کی بدولت کامیاب ہے، رضا ناظری
لاہور، کل مسالک علماء و مشائخ کی ایرانی قونصلیٹ آمد، انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی
اسلام ٹائمز۔ تمام مسالک کے علما و مشائخ کے وفد نے قونصل جنرل ایران لاہور کو انقلاب اسلامی ایران کی 42 سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ کُل مسالک علما و مشائخ کے چئیرمین مفتی سید عاشق حسین کی سربراہی میں تمام مسالک کے علما اور مشائخ پر مشتمل وفد نے ایرانی قونصلیٹ لاہور میں ایران کے قونصل جنرل محمد رضا ناظری سے ملاقات کی اور انقلاب اسلامی ایران کی 42 ویں سالگرہ پر اپنے اور پاکستانی قوم کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور قونصل جنرل ایران کو گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر مفتی سید عاشق حسین کا کہنا تھا کہ ہم چاروں فقہ کی طرف سے ایک ساتھ یہاں حاضر ہونا اور انقلاب اسلامی کی مبارکباد دینا ہمارے متحد ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا ہمیشہ ہمیشہ کا ساتھ ہے، اس وقت 57 اسلامی ممالک میں سے صرف دو ریاستیں پاکستان اور ایران رہ گئی ہیں اور صرف پاکستان اور ایران ہی دونوں ممالک ہیں جو اسلامی بنیادی نظریے پر قائم ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کو کوئی مشکل پیش آئی مثال کے طور پر جب پاکستان کو مختلف ممالک کی طرف سے تیل کے فراہمی روکنے کی دھمکی دی گئی تو ایران کا کہنا تھا کہ کوئی فکر نہ کریں تیل ہم دیں گے۔ امام خمینی کا انقلاب کتنا موثر تھا یا نہیں تھا یہ آج ہمارے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ آج ایران میں حجاب دیکھ کر حقیقت میں کہا جا سکتا ہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب آیا ہے۔ کُل مسالک علماء بورڈ کے چئیرمین مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایران ہمارا بھائی ہے اور بھائی کا دشمن بھی مشترک ہوتا ہے، امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور ایران مل کر فرقہ واریت کے ختم کرنے کیلئے پل کا کردار ادا کریں گے۔ اتحاد امت پاکستان کے چئیرمین بابا شفیق بٹ نے کہا  کہ پاکستان اور ایران کی محبت کا ایک بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے بارڈر پر فوجیں آمنے سامنے موجود نہیں ہیں۔

قاسم علی قاسمی صدر شیعہ علما کونسل لاہور ڈویژن نے اپنی، ملت تشیع اور علامہ ساجد علی نقوی کی طرف سے انقلاب ایران کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہماری ملت کا جسم پاکستان میں ہے اور روح ایران میں ہے، ہماری عقیدتیں روضہ امام رضا علیہ السلام، حضرت معصومہ قم اور حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی شکل میں ایران میں موجود ہیں۔ ایران کے انقلاب کے بعد 42 سال مکمل ہونا کسی معجزے سے کم نہیں، جس انقلاب کو دنیا دنوں اور ہفتوں کا انقلاب سمجھتی تھی الحمدللہ شہداء کے خون اور حضرت امام خمینی ؒ کی برکت سے آج بھی موجود ہے۔ قونصل جنرل ایران نے انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر وحدت کے پیکر علما اور مشائخ کے اس وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینی ؒ نے فرمایا کہ ہمارا انقلاب نور کا ایک دھماکہ تھا، 42 سال گزر گئے پوری دنیا سے دشمنان انقلاب نے اس انقلاب کو مٹانے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ مشرق وسطٰی میں ایران کی طاقتور موجودگی کو دیکھ رہے ہیں اگر ایران کی جگہ کوئی اور ملک ہوتا تو 10 مرتبہ ٹوٹ چکا ہوتا، لیکن انقلاب کے تین اہم جزو تھے، خداوند متعال پر توکل، رہبر معظم حضرت خامنہ ای کی لیڈر شپ اور ایرانی قوم کی جوانمردی کیساتھ استقامت اور مزاحمت۔

ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک پاکستان اور ایران اکھٹے ہو جائیں تو اس خطے میں کامیابیوں کا طوفان بپا کر سکتے ہیں لیکن دشمن کبھی نہیں چاہے گا کہ ایسا ہو، لیکن ان شا اللہ دونوں ممالک کی قیادتییں ارادہ رکھتی ہیں کہ دونوں ممالک متحد ہوکر اس کا مقابلہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 915852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش