0
Saturday 13 Feb 2021 19:02

ویلنٹائن کے مقابلے میں عفت و حیا کا پرچار کیا جائے، سیدہ زہرا نقوی

ویلنٹائن ڈے کے نام پر قوم کو مغربی ثقافت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے
ویلنٹائن کے مقابلے میں عفت و حیا کا پرچار کیا جائے، سیدہ زہرا نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے کے نام پر قوم کو غیر محسوس انداز سے مغربی ثقافت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، نظریہ اسلام کے نام پر وجود میں آنیوالی مادر وطن میں اسلامی تعلیمات سے متصادم ایسی کسی غیر ملکی رسم یا تہذیب و ثقافت کی قطعاً گنجائش نہیں، جس سے نوجوان نسل کو آزادانہ میل جول اور بے راہ روی کی ترغیب ملتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ثقافتی یلغار کے ہتھیار کے ذریعے اُمت مسلمہ کو اُن کی دینی اقدار سے دور کیا جا رہا ہے، ویلنٹائن کے نام پر بے حیائی کے فروغ کو روکنے کیلئے حکومتی سطح پر بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرم و حیا مستورات کا فطری حُسن اور پردہ حکم شرعی ہے، مغربی تہذیب کے دلدادہ ہم سے ہمارا اسلامی تشخص چھیننا چاہتے ہیں، عالم اسلام کی خواتین کی یہ شرعی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اسلامی شناخت اور اقدار پر ہونیوالے ہر حملے کا دینی حمیت کیساتھ منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ بے حیائی معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے، ثقافت کے نام پر ویلنٹائن جیسے دیگر تہواروں پر مستقل پابندی ہونی چاہیئے، جن کے ذریعے لوگوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے دور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن کے مقابلے میں عفت و حیا کا پرچار کیا جائے، تاکہ ناپختہ اذہان کو شیطانی قوتیں اپنی طرف راغب نہ کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 916053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش