QR CodeQR Code

ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے ، شاہ محمود قریشی

13 Feb 2021 19:12

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، کرپٹ اور بوسیدہ نظام کی تبدیلی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ سینیٹ الیکشن شفاف کرانے پر اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے باہر ہے، سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن  نے ہمیشہ پیسہ کے بل بوتے پر سیاست کی ہے، یہ لوگ پرانا پاکستان چاہتے ہیں جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں، ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے، شکست کے خوف کی وجہ سے اپوزیشن اوپن بیلیٹنگ کی مخالفت کر رہے ہیں، عوام نے 2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی سے نواز کر اقتدار کی مسند پر فائز کیا، سینٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 916057

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/916057/ملک-میں-تبدیلی-کی-راہ-سب-سے-بڑی-رکاوٹ-اپوزیشن-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org