0
Saturday 13 Feb 2021 20:06

کراچی میں جشن پیروزی انقلاب اسلامی کی تقریب، قونصل جنرل ایران احمد محمدی کا خطاب

کراچی میں جشن پیروزی انقلاب اسلامی کی تقریب، قونصل جنرل ایران احمد محمدی کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ ناصران امام فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی کی 42ویں سالگرہ کی مناسبت سے جشن پیروزی انقلاب اسلامی کی تقریب کراچی کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کراچی میں متعین ایران کے قونصلیٹ جنرل احمد محمدی، علامہ مرزا یوسف حسین اور مصطفیٰ کرمانی نے کیا۔ تقریب میں تلاوت قرآن پاک مولانا منظر الحق تھانوی صاحب نے کی، منظوم کلام ڈاکٹر ندیم نقوی نے پیش کیا جبکہ نظامت کے فرائض حسن رضا سہیل نے انجام دیئے۔ اس موقع پر جعفریہ الائنس کے علامہ رضی جعفر نقوی اور شبر رضا، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ صادق جعفری اور علامہ اظہر حسین نقوی، شیعہ علماء کونسل کے علامہ ناظر عباس تقوی، ایم کیو ایم کے سابق سربراہ فاروق ستار، پی ایس پی رہنماء شبیر قائم خانی، جے یو پی نورانی کے علامہ عقیل انجم اور قاضی احمد نورانی صدیقی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں قونصل جنرل ایران احمد محمدی نے شرکاء کو انقلاب کی سالگرہ پر مبارک باد دی اور انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ آج ایران اپنی انقلاب کی بیالویسویں سالگرہ منا رہا ہے، پاکستان اور ایران دو اسلامی ممالک اور بہترین دوست مملکتیں ہیں۔ احمد محمدی نے کہا کہ دشمن نے ہمارے ایک عظیم جنرل قاسم سلیمانی کو مارا اور پھر ہمارے ایک عظیم سائنسدان محسن فخری زادہ کو شہید کیا اور یہ سمجھا کہ وہ ہمیں ناکام کر دے گا لیکن یہ اس کی بھول ہے، ایران ترقی کرتا رہے گا۔

جشن پیروزی انقلاب اسلامی کی تقریب سے خطاب میں علامہ مرزا یوسف حسین نے  کہا کہ 150 سال پہلے علامہ اقبال نے کہا کہ تہران گر ہو عالم مشرق کا جنیوا، شاید اس کرہ ارض کی تقدیر بدل جائے، یعنی عالم اسلام کی نہیں بلکہ کرہ ارض کی یہ بہت بڑی بات تھی۔ علامہ مرزا یوسف نے کہا کہ انقلاب اسلامی کو ناکام کرنے کے لئے استعمار سرگرم ہے اور اس کے ساتھ اس کے پٹھو اسلامی ممالک کی بڑی تعداد شامل ہے، لیکن تمام کوششوں کے باوجود وہ کچھ نہیں کرسکے اور ان شاء اللہ کچھ نہیں کرسکیں گے اور یہ انقلاب اسلامی امام زمان (عج) کے ظہور سے متصل ہوگا۔ بعد از تقریب انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 916084
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش