0
Saturday 13 Feb 2021 20:09

مدرسہ بورڈز سے تعلیمی معیار بلند اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا، محفوظ مشہدی

مدرسہ بورڈز سے تعلیمی معیار بلند اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا، محفوظ مشہدی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماء پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے پانچ نئے وفاق المدارس کے قیام کو سراہتے ہوئے توقع کا اظہار کیا ہے کہ مدرسہ بورڈز سے تعلیمی معیار بلند اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا، خوش آئند ہے کہ نئے بنائے جانیوالے وفاق المدارس میں سے کوئی بھی فرقہ وارانہ نام نہیں ہے، مدارس کے قیام سے پہلے سے وفاق المدارس پر قائم ڈکٹیٹر شپ کا بھی خاتمہ ہوگا۔ لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے صاحبزادہ حسین رضا کو وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کا رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے مدرسہ بورڈز سے تمام مدارس مستفید ہوں گے اور تعلیمی معیار بھی بلند ہوگا، توقع ہے کہ ایمانداری کیساتھ سندیں جاری کی جائیں گی، شفاف امتحانی نظام پر توجہ دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتی منیب الرحمان کا طرز فکر اختلافات پیدا کرنے کا باعث رہا ہے، اُمید کرتے ہیں کہ نئے مدارس فرقہ واریت سے بالاتر رہیں گے اور خوش آئند بات ہے کہ نئے مدرسہ بورڈز کے ناموں سے فرقہ واریت کی بو نہیں آرہی بلکہ یہ اسلام کی خدمت کرنے والے ادارے ثابت ہوں گے۔ پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ دینی مدارس میں سیاسی مداخلت بند ہونی چاہیئے، اگر مدارس ہڑتال کی دھمکیاں دیں گے، اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان اعتماد کا رشتہ ختم ہو جائے گا تو نئے وفاق المدارس بنانے کی ضرورت تو محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی رجسٹریشن سے پرانے وفاق المدارس پر چند افراد کی پہلے سے قائم اجارہ داری ختم کرنے میں مدد ملے گی اور جمہوری طریقے کیساتھ نئے وفاق المدارس کو چلایا جائے گا۔ پیر محفوظ مشہدی نے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی سرکاری ملازمتوں میں حصہ دیا جائے، دینی مدارس کے طلبہ کو سی ایس ایس اور پی سی ایس کے مقابلے کے امتحانات میں بھی مواقع ملنے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 916085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش