0
Sunday 14 Feb 2021 07:50

 پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینیٹ کے شفاف انتخابات چاہتی تاکہ خریدوفروخت کا بازار بند ہو، شاہ محمود قریشی 

 پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینیٹ کے شفاف انتخابات چاہتی تاکہ خریدوفروخت کا بازار بند ہو، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ شاہ محمود حسین قریشی نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں 2018ء والی خریدوفروخت نہیں چاہتے۔ سینیٹ کے الیکشن میں خریدوفروخت کا بازار بند کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کھلے ووٹ سے کترا رہی ہے۔سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی کے متضاد بیانات آ رہے ہیں۔ تحقیقات ہونی چاہیے کہ 2018ء کے سینیٹ الیکشن میں پیسہ کس کے گھر تقسیم ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود حسین قریشی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے اور انتخابات اپنی مقررہ تاریخ پر ہوں گے، انہوں نے کہا کہ جن اراکین صوبائی اسمبلی نے سینیٹ کے انتخابات میں پیسے لیکر اپنے ہاتھ گندے کئے ہم نے ان 20 ایم پی اے کو پارٹی سے نکال دیا جس کی ملکی سیاست میں ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ماضی میں کسی پارٹی نے ایسا کیا ہو تو وہ سامنے آکر بتائے؟۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے بھی اپنے اراکین کے خلاف کمیٹیاں بنائیں ان کا کیا بنا؟۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد سینیٹ کے انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے اور ان کا ووٹ اسلام آباد ٹرانسفر نہیں ہوا مگر ان کی طرف سے متضاد بیانات جاری ہوئے، اگر گیلانی صاحب کی خواہش ہے تو وہ حصہ لے سکتے ہیں مگر وہ پہلے وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، انہیں مزید آگے دیکھنا چاہیئے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینیٹ کے شفاف انتخابات چاہتی تاکہ خریدوفروخت کا بازار بند ہو اور اوپن بیلٹنگ سے سینیٹ کے انتخابات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ 2018ء میں جو خریدو فروخت کا سلسلہ ہوا وہ آئندہ انتخابات میں نہ ہو مگر دیکھنے میں یہ آ رہا ہے کہ اپوزیشن کی جماعتیں کھلے ووٹ سے کترا رہی ہیں۔ شاہ محمود حسین قریشی نے کہا کہ اس پر بھی تحقیق ہونی چاہیے کہ 2018ء کے سینیٹ انتخابات میں پیسہ کس کے گھر تقسیم ہوا اور کون سی جماعت نے تقسیم کیا۔ انہوں نے پی ڈی ایم کے حوالے سے کہا کہ یہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف غیرفطری الائنس ہے ان کی طرف سے کئے جانے والے جلسے عوام کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جس میں ان کے کارکنان تو شریک ہوئے مگر عوام نے دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ جس کی واضح مثال ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر ہونے والا جلسہ تھا جس میں چند ہزار افراد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 916151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش