0
Sunday 14 Feb 2021 17:57

کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے، اسد عمر

کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے، اسد عمر
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے ایسے متعدد منصوبے ہیں جن پر وفاق اپنی آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری ادا کررہا ہے۔ فائر ٹینڈرز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے حوالے سے کرنے کے لئے کراچی میں گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا شہر جو باقی پاکستان کو وسائل فراہم کرتا ہے اس کو چلانے والے ادارے کے یہ حالات ہیں کہ فائر انجنز نہیں ہیں، اگر فائر انجن ہیں تو ڈیزل اور پیٹرول کے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں براہ راست ٹیکسز کی مد میں 40 فیصد جبکہ سندھ کا 90 فیصد سے زائد ریونیو کراچی سے اکٹھا ہوتا ہے اور پھر کراچی کی یہ حالات انتہائی افسوسناک بات ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ سندھ اور وفاقی حکومت نے مل کر کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج پر کام کرنے کا فیصلہ کیا تو اس میں ایک مطالبہ یہ بھی تھا کہ کراچی کی شہری انتظامیہ کے پاس جو ماضی میں ادارے تھے اور بعد میں انہیں صوبائی حکومت نے لے لیا تھا انہیں شہری انتطامیہ کو دوبارہ واپس کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ادارے واپس بھی کردیئے جائیں اور کے ایم سی کے یہ حالات ہوں کہ تنخواہوں کی ادائیگی گاڑیوں کے ایندھن کے لئے پیسے نہ ہوں، تو یہ سب اس وقت ہوگا کہ جب صوبائی اور وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری کو پورا کرے اور اس شہر کو اپنایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے شہریوں کو یہ خوشخبری بھی سنائی کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج کے تحت جن دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے اس میں پیش رفت جاری ہے، گرین لائن منصوبے کے آخری 2 مراحل پر کام کا آغاز ہوگیا ہے اور امید ہے کہ جون تک بسز بھی پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ امید ہے رواں برس جولائی اور اگست میں کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گرین لائن کی شکل میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نظام چلنا شروع ہوجائے گا۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ نیشنل ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے محمود آباد نالے پر عملی کام کا آغاز کردیا ہے جبکہ اورنگی اور دیگر نالوں پر بھی تجاوزات ہٹانے کے بعد کام شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کے 4 فور منصوبے کو تیزی سے پایہ تکمیل پر پہنچانے کے لئے اجلاس بلایا گیا ہے جس میں منصوبے کی ٹائم لائن پر نظرِ ثانی کی جائے گی، اس کے علاوہ پاکستان ریلوے جن 2 منصوبوں پر کام کررہی ہے اس میں بھی بہتری آئے گی۔ علاوہ ازیں کراچی کا دیرینہ خواب، کراچی سرکلر ریلوے پر کئی دہائیوں سے کام ہورہا ہے، انشاء اللہ اس منصوبے کو بھی تیزی سے آگے لے چلیں، کراچی کے لئے ایسے متعدد منصوبے ہیں جن پر وفاق اپنی آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری ادا کررہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا کہ جب ہمیں معلوم ہوا کہ کے ایم سے کے حالات اتنے خراب ہیں کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بھی پیسے نہیں تو 100 فیصد وفاق کی جانب سے ادائیگی کے بعد یہ فائر ٹینڈرز حاصل کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 916232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش