0
Sunday 14 Feb 2021 18:12

سانحہ ماڈل ٹاون، دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست پر سماعت کل ہوگی

سانحہ ماڈل ٹاون، دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست پر سماعت کل ہوگی
اسلام ٹائمز۔ سانحہ ماڈل ٹاون کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست پر سماعت کا معاملہ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو ہٹا دیا گیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک اختر جاوید کیس کی پیروی کریں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ کل سماعت کرے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کی سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں دوبارہ پیشی سے متعلق وضاحت طلب کر رکھی ہے۔ احمد اویس کو 2019 میں توہین عدالت کی کارروائی شروع ہونے پر ہٹا دیا گیا تھا۔ عدالت نے عندیہ دیا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دوبارہ پیش ہونے پر ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی پھر سے شروع ہو سکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملک اختر جاوید کو سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی پیروی کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بنچ جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس مس عالیہ نیلم، جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس اسجد جاوید گھرال اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن معطل کر رکھا ہے۔ پولیس انسپکٹر رضوان قادر اور کانسٹیبل خرم رفیق نے دوسری جے آئی ٹی تشکیل دینے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ فوجداری اور انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت ایک وقوعہ کی تحقیقات کیلئے دوسری جے آئی ٹی نہیں بنائی جا سکتی۔
خبر کا کوڈ : 916234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش