0
Monday 15 Feb 2021 00:52

فلسطین امت مسلمہ کی جاگیر اور اثاثہ ہے، سینیٹر مشتاق خان

فلسطین امت مسلمہ کی جاگیر اور اثاثہ ہے، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر و سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں 73 کروڑ مسلمان ان پڑھ ہیں، جو کتاب و قلم سے بے خبر ہیں، جس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری ہے۔ مساجد و مدارس کیساتھ تعلق جوڑنے سے ہی ہم فلاح پاسکتے ہیں، مدارس امید و روشنی کی واحد کرن ہیں۔ اغیار و طاغوتی قوتیں مدارس و علماء کرام کے خلاف سوشل میڈیا کے ذریعے نفرتیں و تعصب پیدا کرنا چاہتی ہیں، علماء کرام دین اسلام کی بنیاد اور جڑ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درالعلوم تعلیم القران سخاکوٹ میں 15 فضلاء کے اعزاز میں منعقدہ دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مدرسہ ہذا کے مہتمم مولانا محمد طاہر، نائب مہتمم و ضلعی امیر جماعت اسلامی ملاکنڈ مولانا جمال الدین، چیف خطیب خیبر پختونخوا مولانا محمد اسماعیل، مولانا نور احمد دین اور قاری یاسر علی نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ فتنہ و فساد کے دور میں ہمیں مدارس کے ساتھ رابطہ جوڑ کر انکے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنا ہوگا۔ اگر ہم نے مدارس کیساتھ اپنا رابطہ نہیں جوڑا تو پھر معاشرے میں مزید بگاڑ پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کی جاگیر اور اثاثہ ہے، ہمارے حکمرانوں نے فلسطین کا سودا کیا ہوا ہے اور وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہوئے ہیں، مگر ہم حکمرانوں کی یہ خواہش پوری نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسی کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں۔ گیارہوں جماعت کی طالبہ کو پانچ افراد نے دن دہیاڑے ہوس کا نشانہ بنایا، ملک میں جنگل کا قانون ہے۔ اگر پانچ افراد کو پانچ چوکوں میں سرعام پھانسی دی گئی تو جرائم خود بخود کنٹرول ہونگے، مگر ہمارے حکمران یورپ کے ڈر کی وجہ سے اس سے بھی قاصر ہیں، کیونکہ یورپ اس عمل کو وحشیانہ قرار دیگا، حالانکہ اسلام میں ایسی سزائیں موجود ہیں، جس سے جرائم کنٹرول ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے علماء انتہائی کم تنخواہ میں کام کر رہے ہیں، ان کی کئی مہینوں کی تنخواہیں بند ہیں، مگر اس کے باوجود نہ علماء نے روڈ بلاک کیا ہے اور نہ احتجاج کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 916259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش