0
Monday 15 Feb 2021 14:47

اگر جوہری معاہدے کے شرکاء نے عہدوپیمان پر عملدرآمد نہ کیا تو اضافی پروٹوکول بھی روک دینگے، ایران

اگر جوہری معاہدے کے شرکاء نے عہدوپیمان پر عملدرآمد نہ کیا تو اضافی پروٹوکول بھی روک دینگے، ایران
اسلام ٹائمز۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے خبرنگاروں کے ساتھ ہفتہ وار گفتگو میں بین الاقوامی سطح پر بدلتے حالات اور خارجہ تعلقات پر گفتگو کی ہے۔ سعید خطیب زادہ نے یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفیٹس کے دورۂ تہران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یمنی مسئلے، جو خطے کے عظیم غموں میں سے ایک ہے، کے (سیاسی) حل پر اس دورے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی چیف جسٹس آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے عراق کے کامیاب دورے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اس دورے میں ان کی جانب سے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت، سیاسی تعلقات اور عدالتی و قونصلی معاملات سمیت مختلف حوالوں سے متعدد ملاقاتوں کا سلسلہ بھی بطور احسن انجام پایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کا دورہ، انتہائی کامیاب دوروں میں سے ایک ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے معلومات کی رازداری کے حوالے سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کو لکھے گئے ایرانی خط کے بارے استفسار پر کہا کہ ہم نے اس مسئلے (جوہری معاہدے) کے حوالے سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ بطور تکنیکی ادارے کے زیادہ سے زیادہ تعاون کیا ہے، تاہم ماضی میں (جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے خفیہ) معلومات کئی مرتبہ فاش ہوچکی ہیں جبکہ دستاویزات کے خفیہ رکھے جانے سے متعلق پوری ذمہ داری عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے کاندھوں پر عائد ہوتی ہے۔ سعید خطیب زادہ نے ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ امریکی دباؤ کے بارے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ امریکہ؛ خصوصاً عائد غیر قانونی پابندیوں کے حوالے سے ٹرمپ دور حکومت سے کسی طور مختلف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ (یکطرفہ پن (Unilateralism) چھوڑ کر) "کثیر الجہتی" (Multilateralism) پر مبنی اصولی طریقۂ کار اپنا لے اور اپنے غلط رستے کو درست کر لے تو ایران کی جانب سے بھی امریکی سیاسی اصلاحات کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

سعید خطب زادہ نے؛ ایران کی جانب سے رضاکارانہ طور پر جاری کردہ اضافی پروٹوکول (Additional Protocol for Verification of Nuclear Safeguards) کے 21 فروری 2021ء کے روز روک دیئے جانے پر مبنی پارلیمانی قرارداد پر عملدرآمد کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ اگر 21 فروری 2021ء تک جوہری معاہدے کے شرکاء کی جانب سے اپنے عہدوپیمان پر عملدرآمد شروع نہ کیا گیا تو الحاقی پروٹوکول پر جاری عملدرآمد کو ضرور بالضرور روک دیا جائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جوہری معاہدے کے شرکاء کی جانب سے اپنے عہدوپیمان پر عملدرآمد نہ کئے جانے کی صورت میں یہ ایرانی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمانی قرارداد کے مطابق اضافی پروٹوکول پر جاری عملدرآمد روک دے، جبکہ اس کام کے لئے زیادہ وقت بھی درکار نہیں اور معینہ وقت پر اسے فوراً روک دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 916363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش