0
Monday 15 Feb 2021 16:57

وزیراعظم کیجانب سے بعض امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لینے کا امکان

وزیراعظم کیجانب سے بعض امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لینے کا امکان
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ کے ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات کے باعث بعض نامزد امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ سینیٹ کے ٹکٹوں کی تقسیم پر صوبائی تنظیموں کے اعتراضات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔ سینیٹ ٹکٹوں میں تبدیلی سے متعلق پارلیمانی بورڈ نے تجاویز پیش کر دیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بعض نامزد امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ سینیٹ ٹکٹوں میں تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ سینیٹ کے ٹکٹوں پر پی ٹی آئی میں ملک بھر میں اختلافات سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ شب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی سندھ کے ناراض عہدیداروں نے کراچی ایئرپورٹ پر ملاقات کی اور ٹکٹوں کی تقسیم پہ اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی جنرل نشست اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے شخص کو دی جائے، فیصل واوڈا کو بھی سینیٹ کا امیدوار نہیں ہونا چاہیئے، سیف اللہ ابڑو پیپلز پارٹی کے لئے کام کرتے رہے ہیں، انھیں ٹکٹ دینا کسی صورت مناسب نہیں ہے، اگر انہیں ٹکٹ دیئے گئے تو پھر ہم بلدیاتی انتخابات سے الگ ہو جائیں گے۔

کراچی سے منتخب اراکین سندھ اسمبلی نے بھی مرکزی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ اگر فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ دیا گیا تو ہم ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے سینیئر رہنماؤں حنید لاکھانی، اشرف قریشی، مولوی  محمود سمیت دیگر رہنماؤں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ سندھ میں بغاوت سے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت پریشان ہے۔ گورنر سندھ اور اسد عمر کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ معاملے کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سنے اور معاملات کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیراعظم تک بات پہنچائیں گے۔ بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی کی طرف سے عبدالقادر نامی شخص کو ٹکٹ دینے پر پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے کوئٹہ پریس کلب میں اس فیصلے کیخلاف باقاعدہ پریس کانفرنس کی کہ عبدالقادر پیرا شوٹر ہے، جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ پارٹی رہنماؤں کے احتجاج پر وزیراعظم عمران خان نے عبدالقادر کے نام کو واپس لینے کا اعلان کیا۔ ادھر پشاور سے ارکان قومی اسمبلی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات میں سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 916388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش