0
Monday 15 Feb 2021 17:55

اسلام کی اشاعت کیلئے صوفیاء نے عظیم کردار ادا کیا، طاہرالقادری

اسلام کی اشاعت کیلئے صوفیاء نے عظیم کردار ادا کیا، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اَعلیٰ ڈاکٹر طاہر القادری نے حضرت معین الدین چشتی اجمیری ؒ المعروف خواجہ غریب نواز کے809ویں عرس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دعوت و تبلیغ دین اور اسلام کی نشر و اشاعت کیلئے صوفیاء عظام نے عظیم اصلاحی و تربیتی کردار ادا کیا اور خدمات انجام دی ہیں۔ اولیاء کرام کو اللہ رب العزت کی بارگاہ سے زہد و و رع اور حکمت و تدبر کا وافر حصہ عطا ہوا۔ خواجہ غریب نواز ؒطبقہ صوفیاء کے درخشندہ ستارے اور آسمانِ ولایت کے آفتاب ہیں۔ آپ اسلامی تصوف کی تاریخ میں برگزیدہ ترین ہستیوں میں سے ایک ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ طریقت کے ہی امام نہیں تھے بلکہ علم شریعت کے بھی جامع تھے۔ آپ ؒ کی پوری زندگی خدمت اسلام اور خدمت انسانیت میں صرف ہوئی۔ برصغیر میں اسلامی سلطنت کا قیام و استحکام آپ کے ہی طفیل انعقاد پذیر ہوا اور آپ ہی کے علم و فضل اور فیوض و برکات سے برصغیر اسلام کے نور سے منور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ غریب نوازؒ کے ایمان و یقین کی قوت، جرأتِ ایمانی، اخلاق کی پاکیزگی، حد درجہ زاہدانہ اور بے طمع زندگی، خلقِ خدا کیساتھ ہمدردی اور بلا تفریق مذہب و ملت، انسانیت سے محبت اور اس کے احترام کی بدولت ہدایت کے بے شمار چراغ روشن ہوئے۔ خواجہ غریب نواز ؒ سردار الاولیا ابوالحسن علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر بھی کسب فیض کیلئے معتکف رہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ غریب نواز کے عرسِ مبارک کے موقع پر دنیا بھر میں موجود آپ کے متوسلین اور مریدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور انہیں نصیحت کرتا ہوں کہ اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں خواجہ غریب نواز کے طریقہ محبت اور حکمت و اعتدال پر مبنی تعلیمات کو اپنا وتیرہ بنائیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خواجہ غریب نوازؒ کے فیوضات کا سلسلہ تاقیامت جاری رکھے۔
خبر کا کوڈ : 916401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش