0
Monday 15 Feb 2021 21:13

بھارتی مسلمان داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کیساتھ حالات کا مقابلہ کریں، مولانا سید محمد رابع ندوی

بھارتی مسلمان داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کیساتھ حالات کا مقابلہ کریں، مولانا سید محمد رابع ندوی
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے مسلمانوں سے داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کے حالات بہت نازک ہیں لیکن مسلمانوں کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ وہ متعدد مرتبہ اس سے بھی زیادہ سخت حالات سے گزر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو پریشان ہونے کے بجائے ہمت اور حکمت کے ساتھ موجودہ حالات کے مقابلے کے لئے فکرمند ہونا چاہیئے اور مناسب تدبیر اختیار کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے ہر ایک فرد تک حق کا پیغام پہنچانا چاہیئے اور داعیانہ کردار کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا دینی اور ایمانی فریضہ ہے اور وقت و حالات کا اہم تقاضا بھی۔ انہوں نے بھارت کے تمام باشندوں کو انسانیت کا پیغام دیا اور انہیں اس جانب توجہ دلائی کہ کوئی بھی ملک انسانیت اور اخلاق کے ذریعے ترقی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ ملک مختلف مذاہب اور مختلف طبقات کا گہوارہ ہے، یہ ملک اسی صورت میں ترقی کرسکتا ہے جب تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کو اپنا سمجھیں، ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور باہم مل جل کر زندگی گزاریں۔

مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کہا کہ مسلمان ملک کی ترقی چاہتے ہیں، وہ ملک میں بسنے والے ہر شہری کا بھلا چاہتے ہیں اور دوسروں سے بھی اپنے ساتھ حسن سلوک کی توقع رکھتے ہیں۔ اس موقع پر اپنے ایک بیان میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینئر مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر کا یہ فکر انگیز خطاب ایسا ہے جسے ہر مسلمان کو غور سے سننا چاہیئے اور اس پر عمل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے سوشل میڈیا ڈیسک قائم کر کے اس بات کی کوشش کی ہے کہ مسلمانان ہند کو بورڈ کی سرگرمیوں سے واقف کروایا جائے اور مسلم پرسنل لاء بورڈ، تحفظ شریعت، وحدت ملت اور اصلاح امت کا جوگراں قدر کارنامہ انجام دے رہا ہے، اسے ملک میں بسنے والے لوگوں تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سوشل اکاؤنٹس کے ذریعے یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے پیغام کو عام کیا جائے اور مسلمانوں میں پھیلی ہوئی سماجی برائیوں کی نشاندہی اور ان سے دور رہنے کی تلقین کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 916421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش