0
Tuesday 16 Feb 2021 16:43

حلیم عادل شیخ نے پوری کوشش کی کہ حلقے کو بند کرایا جائے، سعید غنی

حلیم عادل شیخ نے پوری کوشش کی کہ حلقے کو بند کرایا جائے، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اسلحے کی نمائش کی اور خوف و ہراس پھیلایا، آج ہونے والے کراچی کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لے لیا جس کے حکم پر پولیس نے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو انتخابی حلقےسے باہر نکال دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی نے حلیم عادل شیخ کے ویڈیو بیان میں لگائے گئے الزام کے جواب میں ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے پرائیوٹ گارڈز اور مسلح افراد کے ہمراہ انتخابی حلقے میں گشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ اسلحے کی نمائش کرتے اور خوف و ہراس پھیلاتے رہے، وہ پولیس اور انتظامیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش بھی کرتے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایم پی ایز اور ایم این ایز پرامن الیکشن کا ماحول سبوتاژ کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ مسلح جتھہ حلیم عادل شیخ کی قیادت میں ضمنی انتخاب کے حلقے میں گیا جس نے فائرنگ کی، پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ یہ الیکشن بری طرح سے ہار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو نکالنے کا اقدام دیر سے اٹھایا ہے، پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے تھانے میں درخواست دی ہے، حلیم عادل شیخ پہلے بھی حلقے میں جاتے رہے ہیں، فائرنگ کرنے والے ویڈیو میں نظر آرہے ہیں۔

سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے پوری کوشش کی کہ حلقے کو بند کرایا جائے، پیپلز پارٹی نے اس عمل کے خلاف درخواست دی ہے، الیکشن کے دن سب ڈی آر او کے حکم کو ماننے کے پابند ہوتے ہیں، ہم الیکشن پُرامن ماحول میں چاہتے تھے، کسی پولنگ اسٹیشن میں ہمارا کوئی مسلح شخص نہیں گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، الیکشن کمیشن بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے، فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیوز ہیں، گولیوں کے خول ہیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کارروائی کرے، پارٹی کے عہدیداروں نے ایف آئی آر کے لئے تھانے میں درخواست دی ہے، حلیم عادل شیخ ووٹرز کو ڈرانا چاہتے تھے۔
خبر کا کوڈ : 916606
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش